پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں معمولات کی بحالی کا بھارتی دعوی مسترد کر دیا      

بھارت پاکستان پرغلط الزامات لگا کرسچائی کوچھپانے کی فرسودہ کوشش کررہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک September 08, 2019
مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، ترجمان دفتر خارجہ  

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی قومی سلامتی مشیر کی حالیہ بریفنگ مسترد کر تے ہیں، بریفنگ میں مقبوضہ کشمیر میں معمول کی صورتحال کا غلط تاثر دیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق بھارتی قومی سلامتی مشیر کی حالیہ بریفنگ مسترد کر تے ہوئے کہا کہ بریفنگ میں مقبوضہ کشمیر میں معمول کی صورتحال کا غلط تاثر دیا گیا حالانکہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی دعووٴں کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں کرفیو بدستور جاری ہے، کشمیری رہنما ، خاص طور پر حریت قیادت نظربند ہیں، کشمیری مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے قاصر ہیں اور کھانے پینے کی اشیا ،ادویات کی قلت ہے جب کہ بھارتی اپوزیشن رہنماوٴں کو بھی مقبوضہ کشمیرکا دورہ کرنے کی اجازت نہیں، بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم کو بے نقاب کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان پرغلط الزامات لگا کر سچائی کوچھپانے کی فرسودہ کوشش کی جا رہی ہے، بھارتی فوج نے دو پاکستانیوں ، محمد نسیم اور خلیل احمد کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا، اس طرح کے مکروہ ہتھکنڈے ہندوستانی مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں اور پاکستان نے بین الاقوامی برادری کو بھارت کی طرف سے جھوٹے چم آپریشن کے خطرے سے آگاہ کیا۔

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت بین الاقوامی مشنوں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دے، بے گناہ کشمیریوں کے خلاف مظالم کو فوری طور پر بند کرے اور من گھڑت کہانیاں بنانے کے بجائے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تعمیل کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں