کرفیو اور لاک ڈاؤن نے مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورت حال پیدا کردی وزیراعظم

چین موجودہ حالات میں پاکستان سے ہر طرح کا تعاون جاری رکھے گا، چینی وزیر خارجہ


ویب ڈیسک September 08, 2019
چین موجودہ حالات میں پاکستان سے ہر طرح کا تعاون جاری رکھے گا، چینی وزیر خارجہ ، فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 35 دن سے جاری کرفیو، لاک ڈاون اور مواصلات کی بندش نے مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورت حال پیدا کردی ہے۔

پاکستان کے دورے پر آئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے چینی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کے بھارتی اقدام اور غیر قانونی کارروائیوں سے آگاہ کیا اور چین کےساتھ خطےکےامن واستحکام کیلیے قریبی تعاون جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ بھی کیا جب کہ وزیر اعظم نے سی پیک سے مستفید ہونے کے لیے مزید چینی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد پر مبنی شراکت داری اور خطے کے امن و استحکام کے لئے ضروری ہے، خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے پاک چین مشاورتی عمل جاری رکھا جائے گا جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی معاشی بحالی میں انقلابی منصوبہ ہے پاکستان سی پیک کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے کوشاں ہے۔

اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کو چینی صدر کی نیک خواہشات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر پاک چین تعلقات کو بہت مظبوط مانتے ہیں، چین اور پاکستان کے تعلقات سخت ٹھوس اور اٹوٹ ہیں، چین موجودہ حالات میں پاکستان سے ہر طرح کا تعاون جاری رکھے گا، بھارت کےایسے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مخالفت کریں گے جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں