عمران خان کراچی کیلیے سنجیدہ ہیں تو پہلے 162 ارب روپے جاری کریں سعید غنی

سندھ حکومت ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی پر 1.9 ارب ڈالر خرچ کررہی ہے، وزیر اطلاعات سندھ


Staff Reporter September 08, 2019
سندھ حکومت ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی پر 1.9 ارب ڈالر خرچ کررہی ہے، وزیر اطلاعات سندھ (فوٹو: فائل)

KARACHI: وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران نیازی کراچی کے لیے صرف کمیٹی پر کمیٹی بنا رہے ہیں، وفاق اگر کراچی کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے تو فورا 162 ارب روپے جاری کرے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے لیے کمیٹی کے قیام پر سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی پر 1.9 ارب ڈالر خرچ کررہی ہے، سندھ حکومت کراچی میں پانی اور سیوریج کی لائنوں کی بڑے پیمانے پر تبدیلی کرنے جارہی ہے، وزیر اعظم اور ان کی نااہل کابینہ صرف کراچی کے لیے اجلاس اور کمیٹیاں بنا کر میڈیا کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں کراچی کا بہت خیال ہے لیکن دراصل انہیں کراچی سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ کراچی کی ہمدردی کا راگ الاپنے والے ایک وفاقی وزیر نے کراچی کے نالوں سے صفائی کے نام پر ہزاروں ٹن کچرا کراچی کی سڑکوں، پارکوں، کھیلوں کے میدانوں اور گلی کوچوں میں پھیلا دیا تاکہ وہ اس پر سیاست کرسکیں، اگر نااہل اور نالائق وزیراعظم اور ان کے وزراء کو کراچی سے اتنی ہی ہمدردی ہے تو وہ پہلے اعلان شدہ 162 ارب روپے کے کراچی پیکیج کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں ٹرانسپورٹ کے 2 نئے منصوبے ریڈ لائین اور یلو لائین شروع کررہی ہے، جبکہ رواں برس کراچی کے شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 22 ارب روپے خرچ کرنے جا رہی ہے، اگر عمران نیازی کو کراچی کے لوگوں سے ہمدردی ہے تو فوری طور پر 1200 کیوسک اضافی پانی کی منظوری دیں اور کراچی میں گندگی پھیلانے پر علی زیدی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔