مچھروں کا دشمن پودینے کا تیل اور مکئی کا نشاستہ

ڈینگی پھیلانے والے مچھروں کے لاروے ایک ماحول دوست کیڑے مار دوا سے تباہ کیے جاسکتے ہیں


ویب ڈیسک September 09, 2019
برازیل کے ماہرین نے کیپسول میں جنگلی پودینے کا تیل اور مکئی کے نشاستے کو ملاکر مچھر مار دوا تیار کی ہے۔ فوٹو: بشکریہ ساؤ پالو یونیورسٹی

ISLAMABAD: مچھروں کو تلف کرنے اور بالخصوص اس کے لاروے مارنے والی کئی ادویہ سامنے آچکی ہیں لیکن اب ایک ماحول دوست، نامیاتی اور انتہائی مؤثر دوا تائم (جنگلی پودینے) کے تیل اور مکئی کے نشاستے (اسٹارچ) کو ملاکر بنائی گئی ہے جس سے ایڈس ایجپٹیائی مچھروں کے کیڑے (لاروے) فوری طور پر ختم کیے جاسکتے ہیں۔

ہم جانتے ہیں کہ ایڈس ایجپٹیائی جان لیوا ڈینگی کے بخار کی مرکزی وجہ ہے اور جان لیوا وبا اب اسلام آباد اور راولپنڈی میں درجنوں لوگوں کو متاثر کرچکی ہے۔ اگر جنگلی پودینے یعنی تائم کے تیل میں مکئی کا آٹا یا نشاستہ شامل کیا جائے اور اسے پانی پر چھڑکا جائے تو یہ مچھر کے لاروے کو تلف کرسکتی ہے۔

برازیل میں یونیورسٹی آف ساؤ پالو کے ماہرین نے جنگلی پودینے اور مکئی کے نشاستے کو ملاکر ایک کم خرچ مچھر مار دوا بنائی ہے جو بطورِ خاص ایڈس ایجپٹیائی مچھروں کو تباہ کرتی ہے۔ یہی مچھر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈینگی پھیلاتے ہیں اور اس کے علاوہ چکن گُنیا اور زیکا وائرس پھیلانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

اس دوا کو خود امریکی ماہرین نے بھی ٹیسٹ کیا ہے۔ یہ مچھر کھڑے پانی اور کم گہرے تالابوں کی سطح پر انڈے دیتے ہیں یہاں تک کہ کھلے برتن اور گملوں میں بھی مچھر اپنی نسل بڑھاتے ہیں۔ مچھروں کے انڈے اگر خشکی پر رہیں تب بھی ایک سال تک ان سے لاروا برآمد ہوسکتے ہیں۔ اگر پانی میسر ہوتو 15 روز میں انڈے سے لاروے (کیڑے) برآمد ہوجاتے ہیں۔ اب اس کم خرچ اور آسان تدبیر سے ایڈس ایجپٹیائی مچھروں کو تلف کیا جاسکتا ہے۔

یہ دوا ماحول دوست ہے اور اس کے کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔ ماہرین نے اسے بہت چھوٹے کیپسول (مائیکرو کیپسول) میں بھی بھرنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ انہیں خشک ماحول میں بھی پھینکا جاسکتا ہے اور جیسے ہی وہاں پانی گرتا ہے تو کیپسول میں موجود تیل اور نشاستہ باہر نکل جاتا ہے اور مچھروں کو تلف کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں