ادت نارائن نے 32 زبانوں میں گیت گا کر نیا ریکارڈ بنایا

3نیشل،5 فلم فئیر ایوارڈ اور 2010میں پدما شری ایوارڈ حاصل کیا


Cultural Reporter September 29, 2013
یکم دسمبر 1955 کو نیپال میں پیدا ہوئے،2500 سے زائد گیت گائے۔ فوٹو: فائل

ادت نارائن کا تعلق نیپال سے ہے، انھوں نے ریڈیو نیپال سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا، یکم دسمبر 1955 میں نیپال میں پیدا ہونے والے بالی ووڈ کے نامور پلے بیک سنگر نے 2500سے زائد گیت گائے۔

انھوں نے32زبانوں میں گیت گاکر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا، انھیں ان کی بہترین گائیکی پر کنگ آف نیپال نے اعزاز دیا جب کہ انھوں نے3نیشل،5 فلم فئیر ایوارڈ اور 2010میں پدما شری ایوارڈ حاصل کیا،ادت نارائن کو بھارت کے نامور موسیقارراجیش روشن نے1980میں فلم ''انیس بیس'' میں متعارف کرایا، اس فلم میں انھوں نے محمد رفیع(مرحوم) کے ساتھ گانے سے آغاز کیا، 1983 میں انھوں نے فلم ''سناٹا'' اور ''بڑے دل والے'' میں جو گیت گائے وہ بیحد مقبول ہوئے،ادت نارائن نے 1983 میں ہی گلوکارہ الکا یانک کے ساتھ پہلا دوئیٹ ریکارڈ کرایا، ان کی کامیابی کا سفر 1988 سے شروع ہوا جو اب تک جاری ہے، وہ ایک سپر اسٹار گلوکار ہیں، انھیں فلم ''قیامت سے قیامت تک'' کے گیتوں سے سب سے زیادہ شہرت حاصل ہوئی۔



ادت نے بھارت کے مشہور موسیقار لکشمی کانت پیارے لال، آنند ملند، ندیم شیرون، جتند للت، ہمیش ریشمیا، اے آر رحمن، آر ڈی برمن، راجیش روشن، انو ملک، بپی لہری کے ساتھ بہت زیادہ کام کیا ان تمام موسیقاروں نے ادت نارائن کے خوبصورت گیت تخلیق کیے جب کہ ان کی آواز میں بہترین گیتوں پر سنی دیول، اکشے کمار، گووندہ، سنیل شٹھی، انیل کپور، سلمان خان، عامر خان، ریتک روشن، سیف علیخان، شاہ رخ خان نے ادکاری کا مظاہرہ کیا ان تمام فنکاروں کا کہنا ہے کہ ادت کی عمدہ آواز کیوجہ سے ہمیں فلموں میں شہرت ملی،انھوں نے بالی ووڈ کے نامور سنگر سنھیتی چوہان، شریال گھوشال، کویتا کرشنا مورتی، چترا، سادھنا، محمد رفیع، کشور کمار، کمار سانو، سونو نگم، شنکر یادیو کے ساتھ گیت گائے۔

ادت نارائن نے متعدد رئیلٹی شوز میں بھی بطور جج فرائض انجام دیے ان میں انڈین آئیڈیل تھری میں وہ انو ملک اور علی شاہ چنائے کے ساتھ جج تھے، جب کہ انڈین شو وار پری وار مین جتن پنڈت اور کمار سانو کے ساتھ جج کے طور پر شامل رہے،ادت نارائن نے شوخ وچنچل گیت کے ساتھ فوک گیت بھی بہت خوبصورت انداز میں گائے جب کہ ان کے گائے ہوئے نیپالی گیت بھی بیحد مقبول ہوئے،انھوں نے دو شادیاں کیں، پہلی بیوی کا نام رنجھنا نارائن جھا اور دوسری بیوی کا نام دیپا نارائن ہے ان کی دوسری بیوی دیپا گلوکاری کے شعبہ سے وابستہ ہیں ان کے بیٹے ادیتا نارائن نے بھی بہت سے گیت گائے، وہ ٹی وی پروگراموں کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیتے ہیں، بالی ووڈ میں ادت کی دلکش آواز اور ان کی بہترین گائیکی کے بیحد چرچے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں