نواسن آج بلامقابلہ بھارتی کرکٹ کے بادشاہ بن جائینگے

کسی نے بھی نواسن کے سامنے آنے کی جرات نہیں دکھائی، مزید ایک برس کام کرسکیں گے


Sports Desk September 29, 2013
ارون جیٹلی، نرنجن شاہ اور سدھیر ڈابر نے ایک سال اور ذمہ داریاں سنبھالے رکھنے سے معذرت کرلی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: سری نواسن اتوار کو مزید ایک برس کیلیے بھارتی کرکٹ کی بلامقابلہ بادشاہ بن جائیں گے، کسی نے بھی ان کے مدمقابل کھڑے ہونے کی جرات تک نہیں کی۔

ارون جیٹلی، نرنجن شاہ اور سدھیر ڈابر نے ایک سال اور ذمہ داریاں سنبھالے رکھنے سے معذرت کرلی، روی ساونت اور سنیہ بنسال دو نئے نائب صدور ہوںگے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کا سالانہ اجلاس عام اتوار کو چنئی میں ہورہا ہے جس میں مزید ایک برس کے لیے این سری نواسن کا بطور صدر انتخاب یقینی ہے۔ بی سی سی آئی آئین کے مطابق صدارتی مدت دو برس ہے تاہم اکثریتی زونز کی رضامندی سے اس میں ایک برس کی توسیع کی جاسکتی ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے گذشتہ روز انھیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت تو دی تھی تاہم پابند کیا تھا کہ وہ عدالتی فیصلے کے بعد ہی ذمہ داری سنبھال پائیں گے، سری نواسن کے مدمقابل کسی نے بھی کاغذات تک جمع نہیں کرائے، اس لیے وہ بلا مقابلہ منتخب ہوجائیں گے، انھیں تمام 6 سائوتھ زونز کی حمایت حاصل ہے۔



سری نواسن رواں برس آئی پی ایل میں سامنے آنے والے فکسنگ اسکینڈل میں اپنے داماد اور چنئی سپر کنگز کے شریک مالک گروناتھ میاپن کے ملوث ہونے کی وجہ سے مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔ ان کی کابینہ میں شامل تین اہم آفیشلز ارون جیٹلی، نرنجن شاہ اور سدھیر ڈابر مختلف وجوہات کی بنا پر مزید ایک برس کیلیے ذمہ داری سنبھالنے سے معذرت کرچکے ہیں، اس لیے اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف راجیو شکلا، ممبئی کرکٹ ایسویسی ایشن کے صدر روی ساونت اور دہلی کے سیکریٹری سنیہ بنسال نئے نائب صدور ہوں گے، ساونت ابھی خازن کی ذمہ داری انجام دے رہے تھے۔ سنجے پٹیل اور سیکریٹری اور انوراگ ٹھاکر نائب صدر کے عہدے پر براجمان رہیں گے۔ بی سی سی آئی کے ممکنہ آفیشلز میں صدر نواسن، سیکریٹری سنجے پٹیل، خازن انورودھ چودھری، جوائنٹ سیکریٹری انوراگ ٹھاکر، نائب صدور ساونت، شکلا ، بنسال، شیولال جادیو اور چتراک مترا شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں