گھروں میں دودھ کا شربت تیار گلی گلی حلیم کی دیگیں چڑھائی گئیں

نذرونیاز کے لیے بیکری آئٹمز کی بھی بڑے پیمانے پر خریداری کی گئی

دکانوں پر شیرمال تافتان کے آرڈر کی بھرمار، چھوٹے بن بھی خریدے گئے۔ فوٹو: ایکسپریس

شہداکربلا کی یاد نے کراچی کی تجارتی سرگرمیوں پر طاری جمود کا بھی خاتمہ کردیا، شہدائے کربلاکی یاد میں بڑے پیمانے پر نذرونیاز کا سلسلہ جاری ہے گھروں میں دودھ کا شربت بنایا جارہا ہے، گلی گلی حلیم کی دیگیں چڑھائی گئی ہیں جبکہ پکوان سینٹروں کو بھی بریانی، حلیم کے آرڈر مل رہے ہیں۔

کراچی میں حلیم فروخت کرنے والی کمپنی کو ملنے والے حلیم کی تیاری کے آرڈرز میں گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنا اضافہ ہوگیا ہے شہری اپنا وقت بچانے کے لیے پکوان سینٹروں اور حلیم بنانے والی معروف کمپنیوں سے حلیم بنوارہے ہیں، اس سال بیف حلیم اور چکن حلیم 440روپے کلو اور مٹن حلیم 660روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے، زیادہ تر چکن اور بیف حلیم کے آرڈرز دیے گئے ہیں، پکوان سینٹروں پر بھی حلیم کی دیگیں دن رات تیار کی جارہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ لکڑی، دیگ اور چولہے کا کرایہ زیادہ ہونے مصالحہ جات اور اجناس مہنگے ہونے کی وجہ سے حلیم کی لاگت بھی بڑھ گئی ہے لیکن نذرونیاز کے جوش و جذبہ میں کوئی کمی نہیں آئی، ادھر نان بائی اور تندور مالکان بھی نذرونیاز کے لیے دن رات شیر مال تافتان تیار کررہے ہیں۔

حاجی محفوظ شیر مال کے ڈائریکٹر یاسر نے بتایا کہ اس سال آٹاگھی چینی اور دیگر لوازمات مہنگے ہونے سے شیرمال تافتان کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے لیکن نذرونیاز کے لیے رعایتی قیمت پر مال تیار کررہے ہیں شیر مال تافتان 35روپے فی عدد فروخت کیا جارہا ہے قلچہ 30روپے اور مختلف اقسام کے پراٹھے 45روپے فی عدد فروخت ہورہے ہیں، پیکنگ میں بھی شیر مال فروخت کیے جارہے ہیں ایک پیک میں تین سے چار شیرمال رکھے جاتے ہیں جنھیں تادیر محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔


نذرونیاز کے لیے ہر فرد اپنی قوت خرید اور گنجائش کے مطابق اشیاکا انتخاب کرتا ہے کم آمدن والے گھرانوں میں بیکری آئٹمز کو ترجیح دی جاتی ہے جن میں بہت ورائٹی ہوتی ہے چھوٹے بن10 روپے فی عدد ، بڑے بن15 سے 20روپے فی عدد فروخت ہورہے ہیں بعض افراد کیک بھی تقسیم کرتے ہیں چھوٹے سائز کے کیک 20سے 25روپے میں فروخت ہورہے ہیں، پکوان سینٹروں پر بریانی 500سے 550روپے کلو تیار کی جارہی ہے اس قیمت میں چکن یا بیف شامل نہیں ہے گوشت اور چکن اس دن کے مارکیٹ کے ریٹ کے لحاظ سے شامل کیا جاتا ہے۔

نیازکیلیے کھیر بھی بڑے پیمانے پر تیارکرائی گئی، حنیف خان

نذرونیاز کے لیے حلیم کی تیاری کے انتظامات کئی ماہ پہلے شروع کردیے جاتے ہیں، مزیدار حلیم کے ڈائریکٹر حنیف خان کے مطابق محرم الحرام سال میں حلیم کی تیاری اور فروخت کا سب سے بڑا سیزن ہے جس کے لیے سال بھر تیاری کی جاتی ہے، عام دنوں کے مقابلے میں محرم کے مہینے میں حلیم کی طلب کئی گنا بڑھ جاتی ہے جس کی تیاری کے لیے اضافی لیبر کے ساتھ سیکڑوں دیگیں اور دیگر سازوسامان درکار ہوتا ہے،حلیم کی تیاری کے لیے اضافی لیبر کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں اور کراچی کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی کاریگر اور لیبر حلیم بنانے کراچی آتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال انھیں ملنے والے آرڈرز میں 10سے 15فیصد اضافہ ہوا ہے، عام دنوں میں حلیم 480روپے کلو فروخت کرتے ہیں لیکن محرم الحرام میں عاشورہ کیلیے حلیم 380روپے کلو کی قیمت پر فروخت ہورہی ہے اور 100روپے کی رعایت دی گئی ہے۔

حنیف خان کا کہنا ہے کہ ریگولر حلیم کے علاوہ آرڈر پر خصوصی حلیم بھی تیار کیا جاتا ہے بغیر ہڈی کے گوشت کا حلیم 10کلو کی دیگ 10ہزار 800روپے کی تیار کی جارہی ہے حلیم کے ساتھ کھیر کی تیاری کے بھی بڑے آرڈر دیے جاتے ہیں اس سال کھیر کی قیمت 370روپے کلو ہے مجالس میں تقسیم کرنے کیلیے تیار تبرکات میں شیرمال کباب، بیف رول، چکن رول ، کباب رول، چپاتی بیف رول اور چپاتی چکن رول بھی تیار کیے جاتے ہیں یہ تمام اشیاکم از کم 100عدد کا آرڈر لیا جاتا ہے۔
Load Next Story