آج ہوا میں نمی زیادہ گرمی کی لہر 12 ستمبر تک جاری رہے گی

پیر کے روز ہوامیں نمی کاتناسب بڑھنے سے گرمی اصل درجہ حرارت سے کئی گنا زیادہ محسوس کی گئی، محکمہ موسمیات

پہلا ہواکاکم دباؤوسطی بھارت اوردوسراہلکادباؤبحیرہ عرب میں موجودہے اسی کی وجہ سے شہرکی ہوائیں متاثرہیں،چیف میٹرولوجسٹ۔ فوٹو: فائل

شہر میں جاری گرمی کی لہر12ستمبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے جب کہ وسطی بھارت اور بحیرہ عرب میں موجود ہوا کے کم دباؤگرمی کی موجودہ لہر کا سبب ہیں۔

ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے گرمی اصل درجہ حرارت سے کئی گنا زیادہ محسوس کی جارہی ہے پیر کو گرمی کا پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ کو عبور کرگیا، آج (منگل)کو شہر کا موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے، شہر میں گرمی کی لہر جاری ہے۔


پیر کے روز شہر میں گزشتہ کئی روز سے جاری حدت کا تسلسل جاری رہا جب کہ ہوا میں نمی کاتناسب61 فیصدتک بڑھنے کی وجہ سے گرمی اصل درجہ حرارت سے کئی گنا زیادہ محسوس کی گئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق شہر کی ہوائیں 2 مختلف ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے متاثر ہیں، انہی وجوہا ت کی بنا پر گرمی کی موجودہ لہر پیدا ہوئی ہے ان کا کہناہے کہ ایک لو پریشر (ہوا کا کم دباؤ) اس وقت خلیج بنگال سے نکل کر وسطی بھارت پر موجود ہے جبکہ ایک ہلکی نوعیت کا کم دباؤ بحیرہ عرب میں موجود ہے ان دونوں لو پریشرز کی وجہ سے گرمی کی حالیہ لہر پیدا ہوئی۔

سردارسرفراز کے مطابق گرمی کی موجودہ لہر 12ستمبر تک جاری رہ سکتی ہے آج (منگل)کو شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
Load Next Story