کراچی کی صورتحال میں 50 فیصد بہتری آئی ہے قائم علی شاہ

حکومت کا عزم سندھ کے عوام کو تحفظ دینا ہے، اس سلسلے میں وفاق بھی بھرپور تعاون کر رہا ہے،قائم علی شاہ


Staff Reporter/INP September 29, 2013
متحدہ قومی موومنٹ ناراض نہیں بلکہ وہ حزب اختلاف کا کردار ادا کر رہی ہے ، وزیراعلیٰ سندھ ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی امن و امان کی حالت کافی بہتر ہے، واقعات تو تھوڑے بہت ہو رہے ہیں مگر 3ہفتے قبل کے مقابلے میں ان واقعات میں50 فیصد کمی آئی ہے۔

وہ ہفتے کو سکھر میں بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں کافی حد تک کمی آئی ہے، زیادتی کے واقعات پر ہمیں انتہائی افسوس ہے مگر ملزمان پولیس کی گرفت میں ہیں اور ہم ان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے کیونکہ یہ بہت ہی بڑا جر م ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت کا عزم سندھ کے عوام کو تحفظ دینا ہے، اس سلسلے میں وفاق بھی بھرپور تعاون کر رہا ہے۔ ایک سوال پر انھوں نے بتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ ناراض نہیں بلکہ وہ حزب اختلاف کا کردار ادا کر رہی ہے ، ہر جماعت کا اپنا موقف ہوتا ہے، ہم نے ان کو ناراض کیا نہ ہی وہ ناراض ہیں۔گورنر سندھ کی واپسی خوش آئند ہے۔

دریں اثنااسٹاف رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ڈائریکٹرجنرل پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کو بلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں غذائی اجناس، ادویہ ، خیمے اور دیگر ضروری امدادی سامان فوری طورپر روانہ کرنے اور بلوچستان سے کراچی آنے والے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے احکام دیے ہیں۔ یہ احکام انھوں نے اعلیٰ حکام کو ہفتے کو وزیراعلیٰ ہائوس طلب کر کے دیے۔ انھوں نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو متاثرین زلزلہ کیلیے کراچی میں مختلف مقامات پر امدادی کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کراچی کے لوگ اپنے بلوچ بھائیوں کی مدد کے لیے منتظرہیں ۔



اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کلفٹن کے علاقے تین تلوارپر امدادی اشیاء جمع کرنے کے لیے کیمپ قائم کر دیا گیا ہے،جہاں لوگ کھلے دل سے امدادی سامان جمع کروا رہے ہیں۔ بلوچستان سے 30 زخمی کراچی پہنچے ہیں جنھیں سول اسپتال اور جناح اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کوٹری سے کم سن بچی عائشہ آرائیں کے اغوا اور زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد سے واقعے کی فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انھوں نے اس سنگین جرم میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کے احکام بھی دیے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی نعیم احمد کھرل کے بھائی اور سابق صوبائی سیکریٹری داخلہ عبدالرشید المعروف فہیم احمد کھرل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قائم علی شاہ نے علی نواز کھوسو کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علی نواز کھوسو کے انتقال سے لوک فن اور صحرائے تھر کی تاریخ کا ایک اہم باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے ایف پی سی سی آئی کے رکن اور ممتاز صنعتکار منظر عالم پرکورنگی انڈسٹریل ایریا میں فائرنگ کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور ایڈیشنل آئی جی کراچی اس واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فور ی طور پر گرفتاری کے احکام دیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں