شاہ محمود کی سربراہ عالمی ادارہ صحت او آئی سی سفیروں اور وزیر خارجہ سینیگال سے ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی رہنماؤں کے سامنے مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورتحال کا معاملہ اٹھایا


ویب ڈیسک September 10, 2019
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی رہنماؤں کے سامنے مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورتحال کا معاملہ اٹھایا فوٹو:فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ، اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) ممالک کے سفیروں اور سینیگال کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں جاری انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کے سبب انسانی جانوں کو درپیش شدید خطرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔



شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت لاکھوں نہتے کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے، مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال ایک نئے انسانی المیے کے رونما ہونے کی نشاندہی کر رہی ہے، طبی عملے کو حاملہ خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے، صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔

https://twitter.com/i/status/1171332651141255170

شاہ محمود نے جنیوا میں سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا اور او آئی سی ممالک کے سفیروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا نے صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔



شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست سے لیکر آج تک مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے انسانوں مسلسل کرفیو لگا کر محصور کر رکھا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے انسانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔