سری لنکن کرکٹرز کو دورہ پاکستان سے بھارت نے نہیں روکا سری لنکن وزیر کھیل

کھلاڑیوں نے دہشت گردی کے خطرے کو پیش نظر رکھتے ہوئے میچز کھیلنے سے انکار کیا، ہیرن فرنینڈو


Abbas Raza September 11, 2019
کھلاڑیوں نے دہشت گردی کے خطرے کو پیش نظر رکھتے ہوئے میچز کھیلنے سے انکار کیا، ہیرن فرنینڈو فوٹو:فائل

سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے کہا ہے کہ کرکٹرز کو دورہ پاکستان سے روکنے میں بھارتی ہاتھ ہونے کی اطلاعات درست نہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ہیرن فرنینڈو نے کہا کہ چند کھلاڑیوں نے 2009 میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کیا، ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے دستیابی ظاہر کرنے والے کرکٹرز کو منتخب کرلیا، ایک مضبوط ٹیم میدان میں اتاریں گے، پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے کے لیے پر امید ہیں۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ سری لنکن ٹاپ کرکٹرز کے پاکستان آنے سے انکار کے پیچھے بھارتی کرکٹ بورڈ کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‏کرکٹ کے میدان کی خبر رکھنے والے لوگ بتا رہے ہیں کہ انڈین کرکٹ کے کرتا دھرتاؤں نے سری لنکن کرکٹرز کو دھمکی دی کہ اگر وہ پاکستان کے دورے پر گئے تو آئی پی ایل سے خود کو فارغ سمجھیں، خلاء سے لے کر کرکٹ تک ہر معاملے میں بھارت کی نفرت انگیزی انتہائی جاہلانہ ہے، بھارتی اسپورٹس اتھارٹیز کو شرم آنی چاہئے۔

یاد رہے کہ 10 سری لنکن کرکٹرز نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان میں ون ڈے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے، ٹی ٹوئنٹی کپتان لیستھ مالنگا، اینجیلو میتھیوز، سورنگا لکمل، اکیلا دھننجایا، دنیش چندیمل، دھننجیا ڈی سلوا، نیروشن ڈکویلا اور تھسارا پریرا شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |