نظر رکھیے اپنی آنکھوں پر

حسین آنکھوں کے لیے دیرپا نسخوں پر عمل کیجیے


Shahida Rehana September 30, 2013
حسین آنکھوں کے لیے دیرپا نسخوں پر عمل کیجیے۔ فوٹو: فائل

آنکھوں کے گرد پڑنے والے حلقے اچھی سے اچھی آنکھوں کی بھی خوب صورتی کو متاثر کر دیتے ہیں۔

ناکافی نیند، تھکان یا سورج کی تیز شعائیں ان حلقوں کی وجہ ہو سکتی ہیں۔ بڑھتی عمر میں آنکھوں کا خیال نہ رکھنا، الرجی، کاسمیٹکس کا زیادہ یا غیر معیاری کاسمیٹکس کا استعمال بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے ڈال سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ان حلقوں کی وجہ آنکھوں کے نیچے کی باریک جلد میں خون کا رک جانا یا نہ پہنچنا ہے۔ اس کے علاوہ سورج کی روشنی میں ہماری جلد کے رنگ بنانے والے خلیات زیادہ فعال ہو جاتے ہیں، جس کے باعث بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے پڑ جاتے ہیں، جو کہ خاصے بدنما معلوم ہوتے ہیں اور اگر بروقت ان کا تدارک نہ کیا جائے تو یہ مزید گہرے ہو جاتے ہیں اور پھر ان کو ختم کرنا بھی بہت دشوار ہو جاتا ہے۔ بعض اوقات ہزار کوششوں کے بعد بھی یہ حلقے پیچھا نہیں چھوڑتے، لہٰذا جلد از جلد ان سے چھٹکارا ضروری ہے۔

زیادہ تر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کی وجہ بہت زیادہ تھکان یا نیند نہ بھرنا ہوتا ہے، اس لیے سب سے پہلے کوشش کریں کہ اپنی سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند ضرور پوری کریں، جس سے نہ صرف آپ کا ذہن پرسکون رہے گا، بلکہ آنکھوں کی بھی تھکاوٹ دور ہو جائے گی اور یہ تروتازہ نظر آئیں گی۔ اگر سیاہ حلقوں کا سبب تیز دھوپ ہے، تو گھر سے باہر نکلتے وقت چہرے اور خاص طور پر آنکھوں کے ارد گرد سن اسکرین لگایئے۔ یہ آپ کے چہرے کی جلد اور آنکھوں کو سورج کی روشنی سے محفوظ رکھے گی۔ دھوپ سے پڑنے والے سیاہ حلقوں پر بازار میں دست یاب ایسی آئی کریم سے دو کیا جا سکتا ہے، جس میں سن اسکرین کے اجزا شامل ہوں۔ بازار میں اس وقت وٹامن ''K'' پر مشتمل آئی کریم دستیاب ہے، جو آپ کی آنکھوں کے گرد پڑنے والے سیاہ حلقوں کا خاتمہ کر دے گی۔

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کو دور کرنے کے لیے وٹامن ''K'' کی حاصل کریمیں نہ صرف آپ کے سیاہ حلقے دور کر دیتی ہیں، بلکہ ان کے استعمال سے آنکھوں کے گرد خلیات دھوپ میں زیادہ فعال بھی نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے حلقے نہیں پڑتے۔ آئی میک اپ یا کنسیلر کا استعمال آپ کے سیاہ حلقوں کو عارضی طور پر تو چھپا دے گا، مگر یہ بعد میں مزید گہرے اور ناقابل علاج ہو جائیں گے۔ اگر آپ کو فوری طور پر سیاہ حلقوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، تو ایسے کنسیلر کا استعمال کریں، جو آپ کی جلد کی رنگت سے مطابقت رکھتا ہو۔ کنسیلر تھوڑی سی مقدار میں لے کر اسے پورے حلقے پر لگائیں اور انگلی سے آنکھوں کے گرد آہستگی سے جذب کریں۔ کنسیلر لگانے کے بعد ہلکا سا پف پائوڈر بھی ضرور لگائیں اور برش سے صاف کر لیں۔

اس کے علاوہ دیسی نسخے، ماسک بھی آپ کی خوب صورت آنکھوں کو بدنما ہونے سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ آنکھوں کے حلقوں سمیت بہت سے مسائل جلن، دکھن، درد اور سرخی کے لیے کھیرے کے قتلے آنکھوں پر رکھ کر ہلکی سی پٹی باندھ لیں یا پھر کھیرے کو پیس کر دو پوٹلیوں میں باندھ لیں اور ایک منٹ کے لیے انہیں فریج یا فریزر میں رکھ دیں اور پھر دونوں پوٹلیوں کو باری باری اپنی دونوں آنکھوں پر اچھی طرح جما کر رکھ لیں۔ کھیرے سے آنکھوں کو ٹھنڈک ملے گی اور اس سے نکلنے والا رس آنکھوں کی جلد کو سکون فراہم کرے گا۔ ہفتے میں دو تین بار یہ عمل کرنے سے بہت جلد سیاہ حلقے نہ صرف صاف ہونا شروع ہو جائیں گے، بلکہ آنکھوں کی جملہ شکایات بھی دور ہو جائیں گی۔ آلو، آڑو، کیلے، سیب وغیرہ کے گودے سے آنکھوں کے گرد مساج سے بھی حلقے دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ سرسوں کے تیل کے مساج سے بھی آنکھوں کے حلقے دور ہوجاتے ہیں۔ پیاز، انناس، نارنگی کے عرق ملنے سے بھی اس میں افاقہ ہوتا ہے۔

آنکھوں کے گرد پڑنے والے سیاہ حلقوں کا مستقل علاج تو یہی ہے کہ آپ بھرپور نیند لیں، کیوں کہ اس سے آنکھوں اور جلد کو مکمل طور پر آرام حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے، آنکھوں کے سیاہ حلقوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ چائے کافی کا استعمال کم کر دیں۔ پھلوں کا رس پیٔیں۔ مرغن غذائوں سے پرہیز کریں، تازہ سبزیاں استعمال کریں۔ ڈائٹنگ کے چکر میں غذا ئی کمی نہ ہونے دیں۔ بالخصوص صبح کا ناشتا نہ چھوڑیں۔ چاہے صرف ایک پیالی دودھ یا کوئی اچھا جوس ہی کیوں نہ لیں۔ ذہنی تنائو یا پریشانی سے بھی بچیں۔ زیادہ سوچنے، رونے، غم و فکر کرنے سے بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے پڑ جاتے ہیں۔ اس لیے غذائی ضروریات کے ساتھ ذہنی اطمینان کا بھی بطور خاص خیال رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں