بدقسمتی ہے ہمارا مخالف کم ظرف ہے ترجمان ن لیگ

تبدیلی کے دعویدار کہتے ہیں کہ روٹی نہیں تبدیلی کھاؤ،مریم اورنگزیب


ویب ڈیسک September 12, 2019
نوازشریف کا مقصد پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی ہے،مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارا مخالف کم ظرف ہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کو 55 جب کہ مفتاح اسماعیل کو 37 دن ہو گئے لیکن ۔55 دن کے بعد بھی نیب ریفرنس دائر نہیں کر سکا،احتساب عدالت کے اندر آج بھی کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکا۔ شاہد خاقان عباسی نے سستا ترین ایل این جی ٹرمینل لگایا اس وجہ سے انہیں سزا ملی عمران الحق کو دوستی کی وجہ سے ایم ڈی لگانے کے الزام پر ریفرنس بنایا جا رہا ہے ، عمران الحق ایک پروفیشنل ہیں لیکن جتنے لائق لوگ ہیں وہ اب جیل یا نیب کی حراست میں ہیں، جب تک نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ حکومت رہے گی یہ سب اندر ہی رہیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں نااہلی اور نالائقی کا دور ہے، تبدیلی کے دعویدار کہتے ہیں کہ روٹی نہیں تبدیلی کھاؤ، ایک سال میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی 13 فیصد ہو گئی ، کاروباری طبقے کو چھوٹ دے دی جاتی ہے اور ایتھنول کی مد میں سالانہ 4 ارب روپے معاف کر دیئے گئے۔

رہنما (ن) کا کہنا تھا کہ ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم نے عوام کی خدمت کی، چھوٹی ذہنیت کے وزیر اعظم نے حمزہ شہباز شریف کا کھانا بند کر دیا، ہماری بدقسمتی ہے ہمارا مخالف کم ظرف ہے، وزیراعظم کا وژن ہے کہ نوازشریف کا اے سی بند کریں گے، نوازشریف کا مقصد پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی ہے، ان ہتھکنڈوں سے نوازشریف مزید مضبوط ہوگا، ڈیل کی باتیں وہ لوگ کرتے ہیں جن سے مسلم لیگ (ن) ٹوٹی نہیں، مسلم لیگ ن عوام کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی۔

کراچی کو وفاق کے ماتحت کرنے سے متعلق خبروں پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ کراچی میں اختیارات کے معاملے پر وزیر قانون کا آرٹیکل 149 لاگو کرنے کا بیان حیران کن ہے ،حکومت اب کراچی کے اندر بھی ڈاکہ ڈالنے لگی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔