موبائل سمز رجسٹریشن کیلیے بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب کا پلان تیار

75ہزار آئوٹ لیٹس پر بائیومیٹرک کی تنصیب بھی دو مراحل میں مکمل کی جائیگی.


Business Reporter September 30, 2013
پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں موبائل سموں کی فروخت اور رجسٹریشن کے لیے بائیومیٹرک سسٹم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

ٹیلی کام کمپنیوں نے بائیو میٹرک ویریفکیشن سسٹم کی تنصیب کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے جس کے تحت ملک بھر میں سب سے پہلے کراچی میں بائیو میٹرک ویریفکیشن سسٹم نصب کیے جائیں گے جن کی تنصیب کا کام دسمبر 2013کے آخری ہفتے سے شروع ہوکر فروری 2014کے تیسرے ہفتے تک مکمل کرلیا جائے گا۔

پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں موبائل سموں کی فروخت اور رجسٹریشن کے لیے بائیومیٹرک سسٹم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں اس سہولت کا استعمال سیکیورٹی مقاصد کے لیے کیا جاتا ہے۔کراچی میں بائیومیٹرک کی تنصیب کے بعد بلوچستان کے تمام آئوٹ لیٹس پر بائیومیٹرک سسٹم نصب ہوں گے بلوچستان میں تنصیب کا کام 15مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد ملک کے دیگر حصوں میں بائیو میٹرک سسٹم نصب کیے جائیں گے یہ کام اگست 2014تک مکمل ہوگا۔ ملک بھر کے 2.5 لاکھ ریٹیل آئوٹ لیٹس میں سے 75ہزار آئوٹ لیٹس پر بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب کا کام ایک سال سے زائد کے عرصے میں مکمل ہوگا جسے 5مراحل میں مکمل کیا جائے گا، ہر اگلے مرحلے کی تکمیل کا انحصار پہلے مرحلے کی تکمیل پر ہوگا، پہلا مرحلا مکمل کیے بغیر دوسرا مرحلہ شروع نہیں ہوسکے گا۔



75ہزار آئوٹ لیٹس پر بائیومیٹرک کی تنصیب بھی دو مراحل میں مکمل کی جائیگی جس کے پہلے مرحلے میں 45سے 50ہزار اور دوسرے مرحلے میں 20سے 25ہزار آئوٹ لیٹس پر بائیومیٹرک سسٹم نصب کیے جائیں گے۔ 75ہزار آئوٹ لیٹس میں سے 15ہزار آئوٹ لیٹس پر یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے مشترکہ بائیومیٹرک سسٹم نصب ہوں گے یہ سسٹم تمام کمپنیاں مشترکہ طور پر استعمال کریں گی یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے 15ہزار آئوٹ لیٹس پر بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب 45سے 50ہزار بائیومیٹرکس کی تنصیب کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے حکومت کی جانب سے 15ہزار آئوٹ لیٹس پر بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب کے لیے فنڈز بروقت فراہم نہ کیے جانے کی صورت میں ملک بھر میں بائیومیٹرکس کی تنصیب کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔