آئین کی بالا دستی میں حکمران طبقہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے لیاقت بلوچ

ملک میں لوٹ مار پہلے سے زیادہ ہو گئی ہے اور احتساب کا کوئی سسٹم نہیں، لیاقت بلوچ

ملک میں لوٹ مار پہلے سے زیادہ ہو گئی ہے اور احتساب کا کوئی سسٹم نہیں، لیاقت بلوچ۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک میں آئین و دستور کی بالا دستی کی راہ میں حکمران طبقہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ عوامی مارچ بلوچستان کے مسائل کے حل کی راہ ہموار، کرپٹ مافیا کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کریگا، کیوں کہ ملک میں لوٹ مار پہلے سے زیادہ ہو گئی ہے، احتساب کا کوئی سسٹم نہیں، حکمران اپنے ساتھ ان لوگوں کو بھی احتساب سے بچانا چاہتے ہیں جنہوں نے ان کی چھتری کے نیچے پناہ لے رکھی ہے۔


جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ ملک میں آئین و دستور کی بالا دستی کی راہ میں حکمران طبقہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے، ظالم و جابر جاگیر داروں اور سرمایہ داروں نے ہمیشہ اپنی مرضی قانون پر مسلط کی اور اپنے مفادات سے ٹکرانے والے قوانین کو موم کی ناک بنا کر اپنے حق میں استعمال کیا۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عام آدمی کے لیے امید کی شمع ہے اور ان شاء اللہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے اور قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لانے کے لیے جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم آئی ایم ایف سمیت ملکی لٹیروں سے قوم کو نجات دلائیں گے، جماعت اسلامی اقتدارمیں آئی تو اسلامی نظام کی راہ ہموار اور لٹیروں سے دولت برآمد کرے گی۔
Load Next Story