تحریک انصاف کی ریجنل تنظیم سازی کی منظوری صوبائی کا فیصلہ کور کمیٹی کرے گی

نئی تنظیم میں اہم عہدوں کے لیے پارٹی رہنماؤں میں رسہ کشی شروع، ریجنل تنظیموں میں نئے چہرے لائے جانے کا امکان


رضوان آصف September 13, 2019
تنظیمی ڈھانچہ میں تبدیلی کیلیے عبوری منظوری سنٹرل کمیٹی، پارٹی آئین میں ترمیم کی منظوری نیشنل کونسل دے گی فوٹو:فائل

تحریک انصاف کی ریجنل تنظیموں کے اوپر صوبائی سطح پر تنظیم برقرار رکھنے یا ختم کرنے کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کور کمیٹی اجلاس میں کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں تحریک انصاف کے موجودہ تنظیمی ڈھانچہ کو تبدیل کرتے ہوئے صوبوں میں ریجنل تنظیم سازی کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ ریجنل تنظیموں کے اوپر صوبائی سطح پر تنظیم برقرار رکھنے یا ختم کرنے کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کور کمیٹی اجلاس میں کیا جائے گا۔

تنظیمی ڈھانچہ میں تبدیلی کیلئے عبوری منظوری سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی دے گی جس کے بعد نیشنل کونسل کے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترمیم کو باضابطہ طور پر منظور کیا جائے گا۔

تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلی کے بعد نئی تنظیم میں اہم عہدوں کے حصول کیلئے پارٹی رہنماؤں میں رسہ کشی اور دھڑے بندی دوبارہ شروع ہو گئی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ریجنل تنظیموں میں کئی نئے چہرے بھی شامل کئے جائینگے۔

8 ستمبر کو تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور سیکریٹری جنرل عامر کیانی نے ایوان وزیر اعظم میں وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی تھی جس میں انھوں نے موجودہ تنظیمی ڈھانچہ میں تبدیلیوں کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریف کیا تھا اور یہ بھی بتایا تھا کہ انھوں نے مجوزہ نئے تنظیمی ڈھانچے کے حوالے سے ملک بھر میں پارٹی کے نمایاں اور اہم ترین افراد سے مشاورت کر لی ہے۔

''ایکسپریس'' کے رابطہ کرنے پر سیف اللہ نیازی نے تصدیق کی کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے تنظیمی ڈھانچہ میں تبدیلی کی اجازت دے دی ہے اور اب ریجنل سطح پر تنظیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں