بھارت کے سرکاری اعداد و شمار نے خود مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تصدیق کردی

3 ہزار سے زائد افراد صرف پتھراؤ کے الزام میں گرفتار ہوئے جب کہ لوگوں کی بہت بڑی تعداد گھروں میں نظر بند ہے، رپورٹ


ویب ڈیسک September 13, 2019
3 ہزار سے زائد افراد صرف پتھراؤ کے الزام میں گرفتار ہوئے، رپورٹ۔ فوٹو : فائل

بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم پر خود سرکاری اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔

بھارت کے سرکاری اعداد و شمار نے خود ہی مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے ظلم و ستم کو بے نقاب کردیا ہے، غیر ملکی خبر رساں ادارے کی جانب سے منظر عام پر آنے والی بھارتی سرکاری رپورٹ میں وادی کے 13 پولیس ڈسٹرکٹس کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام نے گذشتہ 40 روز میں 4 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جن میں سابق وزراء اعلیٰ سمیت 200 سے زائد سیاستدان شامل ہیں جب کہ 3 ہزار سے زائد افراد صرف پتھراؤ کے الزام میں گرفتار ہوئے اور ڈیڑھ سو سے زائد افراد شدت پسند گروپوں سے تعلق پر گرفتار ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1200 سے زائد افراد کئی روز سے گرفتار اور قانونی حقوق سے محروم ہیں، لوگوں کی بہت بڑی تعداد گھروں میں نظر بند بھی ہے، سرکاری اعدادوشمار پر ردعمل کے لیے عالمی میڈیا کے رابطے بھی یکسر نظر انداز کیے جارہے ہیں، بھارتی حکام گرفتاریوں کی وجوہات جاننے کے لیے عالمی میڈیا کے رابطوں پر جواب دینے سے بھی گریز کررہی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وادی میں لاکھوں لوگوں کو ادویات اور اشیائے خوراک تک رسائی نہیں جب کہ انٹرنیٹ اور موبائل سروسز مسلسل بند ہیں، اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز اور مقامی کشمیریوں کے درمیان جھڑپیں معمول بن چکی ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں