جونیئر ہاکی پاکستان برانز میڈل سے بھی محروم

گرین شرٹس کیخلاف ارجنٹائن پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 3-0 سے فتحیاب ، بھارت نے ملائیشیا کو مات دیکر ٹائٹل قبضے میں کرلیا

ارجنٹائن نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 3-0سے شکست دیکر گرین شرٹس کو برانز میڈل سے محروم کردیا۔ فوٹو: فائل

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے برانز میڈل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ہاتھ پائوں پھول گئے۔

ارجنٹائن نے پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 3-0سے شکست دیکر گرین شرٹس کو برانز میڈل سے محروم کردیا، فائنل میں بھارت نے میزبان ملائیشیا کو 3 گول سے زیر کرتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمالیا، پانچویں پوزیشن کے میچ میں کوریا نے انگلینڈکو 6-0 سے شکست دی۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر ملاکا میں کھیلے گئے ایونٹ کے برانز میڈل میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑی کمزورحریف ارجنٹائن کے مقابل بھی مکمل بے بسی کی تصویر بنے رہے، میچ کے آغاز میں برتری کیلیے گرین شرٹس پلیئرز نے ہاتھ پائوں مارے مگر اس کا کوئی فائدہ نہ ہوسکا۔ 11 ویں منٹ میں محمد دلبر نے انفرادی کوشش سے بال کو حریف ڈی تک پہنچایا اور گول پوسٹ کے سامنے موجودمحمد سلیمان کو پاس دیا مگر ان کی لگائی گئی ہٹ کو گول کیپر ٹوماس مارٹیاس نے پیڈز پر روک لیا۔

اس کے اگلے ہی منٹ میں ارجنٹائن کے اسٹرائیکر لاوٹرو ڈیاز نے پاکستان گول پوسٹ پر حملہ کیا مگر گول کیپر امین یوسف نے اسے ناکام بنا دیا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں ناکام رہیں ۔ دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہت کوشش کے بعد45 ویں منٹ میں میچ کا پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا مگر محمد توثیق کی لگائی جانے والی ہٹ گول پوسٹ کے اوپر سے گزر گئی۔کھیل کے 62 ویں منٹ میں ارجنٹائن کو برتری حاصل کرنے کا پنالٹی اسٹروک کی صورت ایک سنہری موقع ملا مگر کارلوس ابارا کی لگائی جانے والی ہٹ میں جان ہی نہیں تھی جسے گول کیپر امین یوسف نے پیڈ سے روک لیا۔ آخری 8 منٹ میں دونوں جانب سے دفاعی انداز اپنایا گیا۔




مقررہ وقت بغیر کسی گول کے غیر فیصلہ کن رہا۔ میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا جس میں ارجنٹائن نے 3-0 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو تیسری پوزیشن سے محروم رکھا۔گرین شرٹس نے ایونٹ کا دھواں دار انداز میں آغاز تو کیا مگر بھارت سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کے ہاتھ پائوں پھول گئے، اگلے میچ میں ملائیشیا نے بھی زیر کرلیا۔ پاکستان کا آخری لیگ میچ میں ارجنٹائن سے ہی مقابلہ ہوا تھا جس میں گرین شرٹس نے یکطرفہ مقابلے میں 4-1 سے کامیابی حاصل کی تھی، لیکن جیسے ہی فیصلہ کن مقابلہ ہوا قومی کھلاڑی گھبراہٹ کا شکار ہوگئے، بعدازاں کھیلے گئے ایونٹ کے فیصلہ کن معرکہ میں بھارت نے ملائیشیا کو 3-0 سے زیر کرتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جما لیا، فاتح ٹیم کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 22 ویں منٹ میںکوتھاجیت سنگھ نے کیا۔

پہلے ہاف کا اسی اسکور پر خاتمہ ہوا۔ دوسرے ہاف میں51 ویں منٹ میں بھارت کی جانب سے افان یوسف نے برتری 2-0 کردی۔ کھیل ختم ہونے سے 6 منٹ قبل کپتان من پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر اسکور کرتے ہوئے مقابلہ 3-0 کردیا، ملائیشین کھلاڑیوں نے خسارہ کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر کامیابی نہیں مل سکی اور اسی اسکورپر میچ کا خاتمہ ہوا۔ پانچویں پوزیشن کے میچ میں کوریا نے انگلینڈ کو 6 گول سے روند دیا۔ فاتح سائیڈ نے پہلے اور دوسرے ہاف میں 3،3 گول اسکورکیے۔
Load Next Story