گلوکارہ رابی پیرزادہ کو مگرمچھ اورسانپ رکھنا مہنگا پڑگیا

غیر قانونی طور پر جنگلی حیات رکھنے پر دوسال سے پانچ سال قید جبکہ 20 ہزار روپے جرمانہ ہو سکتا ہے، وائلڈلائف آفیسر

غیر قانونی طور پر جنگلی حیات رکھنے پر دوسال سے پانچ سال قید جبکہ 20 ہزار روپے جرمانہ ہو سکتا ہے، وائلڈلائف آفیسر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

معروف اداکارہ وگلوکارہ رابی پیرزادہ کو اپنے بیوٹی سیلون میں مگرمچھ اورسانپ رکھنا مہنگاپڑ گیا۔

محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے ادکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف غیرقانونی طورپر اژدھے، سانپ اورمگرمچھ رکھنے کے الزام میں چالان درج کرلیا ہے، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ وائلڈلائف آفیسر تنویر جنجوعہ نے بتایا کہ اداکارہ نےسوشل میڈیا پر اژدھے، سانپوں، مگرمچھ اورشیرکے ساتھ اپنی تصاویر اورویڈیوز شیئر کی ہوئی ہیں جس کی بنا پران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔



وائلڈلائف آفیسر نے بتایا کہ محکمہ تحفظ جنگلی حیات ابھی تک سانپ، اژدھا، مگرمچھ اورشیر رکھنےکی جگہ کا سراغ نہیں لگا کیوں کہ سوشل میڈیا پردیئے گئے ایڈریس جعلی نکلے ہیں جب کہ اس ضمن میں وائلڈلائف کی ٹیم نے ڈیفنس اور گارڈن ٹاؤن سمیت دیگرمقامات پر سراغ لگانے کی کوشش کی ہے۔




تنویرجنجوعہ نے بتایا کہ ہم نے اداکارہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سانپ، اژدھا اورمگرمچھ رکھنے پروائلڈلائف ایکٹ 1974 ترمیم شدہ 2007 کی دفعات 9 اور12 کے تحت چالان کیا ہے۔ جس کے تحت دوسال سے پانچ سال قید جب کہ 10 سے 20 ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔



انہوں نے بتایا کہ اداکارہ کی سوشل میڈیا پرشیئرکی گئی تصاویر اورویڈیوزہمارے پاس محفوظ ہیں، اس لئے کارروائی کی گئی ہے تاہم سانپوں اژدھے اورمگرمچھ کا سراغ لگاتے ہی انہیں تحویل میں لیکر کسی سرکاری چڑیا گھرمیں منتقل کردیا جائے گا۔
Load Next Story