سندھ کا معیار تعلیم ابتری کا شکار تعلیمی بورڈز کی کارکردگی کا پول کھل گیا

این ای ڈی رجحان ٹیسٹ میں شریک اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈز کے طلبا کی خراب کارکردگی میں اضافہ ہوگیا.


Safdar Rizvi September 30, 2013
این ای ڈی رجحان ٹیسٹ میں شریک اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈز کے طلبا کی خراب کارکردگی میں اضافہ ہوگیا،تعلیمی معیارکی ابتری عیاں ہوگئی. فوٹو: فائل

گزشتہ پانچ برس میں سندھ کے معیار تعلیم میں اضافے کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے ہیں اورصوبے باالخصوص اندرون سندھ میں ماضی کے مقابلے میں معیار تعلیم خوفناک حد تک گرگیا ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے رجحان ٹیسٹ میں کراچی اور باالخصوص اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزکے نتائج گزشتہ برس کے مقابلے تعلیمی معیارکی ابترصورتحال سامنے لے آئے ہیں،این ای ڈی یونیورسٹی کے رجحان ٹیسٹ میں شریک ہونے والے سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کے کامیاب طلبا کے نتائج کا تناسب گزشتہ برس کے مقابلے میں مزیدگرگیا ہے، ٹیسٹ میں شامل بڑی تعداد میں اے اور اے ون گریڈ کے حامل طلبا فیل ہوگئے ہیں اور محض50 نمبر لاکر ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے ہیں، این ای ڈی یونیورسٹی سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ کومنعقدہ رجحان ٹیسٹ میں مجموعی طورپر 42.5 فیصد امیدوار50 یا اس سے زائد نمبر لاکر پاس ہوئے ہیں۔



کیمبرج سسٹم،وفاقی تعلیمی بورڈ اور انٹربورڈ کراچی کے نتائج اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزسے بہتر رہے،امسال این ای ڈی یونیورسٹی کے رجحان ٹیسٹ میں کیمبرج سسٹم (اے لیول) کے88 فیصد طلبا کامیاب ہوئے وفاقی تعلیمی بورڈکے 72فیصد اورکراچی بورڈکے53 فیصد طلبا کامیاب ہوئے ہیں، مزید براں حیدرآباد بورڈکے16.6فیصد ،سکھر بورڈکے 19.6فیصد،میرپورخاص بورڈ کے 14.8فیصد اورلاڑکانہ بورڈ کے8.4 فیصد طلبا رجحان ٹیسٹ پاس کرسکے ہیں ،اس کے برعکس گزشتہ برس این ای ڈی یونیورسٹی کے رجحان ٹیسٹ میں مذکورہ تعلیمی بورڈزکے طلبا کے نتائج کی شرح حوصلہ افزا نہ ہونے کے باوجودقدرے بہترتھی۔

گزشتہ برس کی بنسبت امسال این ای ڈی کے انٹری ٹیسٹ میں کیمبرج سسٹم ، وفاقی تعلیمی بورڈ اور انٹر بورڈ کراچی کے نتائج میں معمولی کمی آئی ہے، اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزکے طلبا کے نتائج پہلے ہی خراب تھے اور اب اس میں اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ برس کے رجحان ٹیسٹ میں حیدرآباد بورڈ23 فیصد،سکھربورڈ31فیصد،میرپورخاص بورڈ 25فیصد اورلاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے 18 فیصد طلباکامیاب ہوئے تھے، این ای ڈی یونیورسٹی کے رجحان ٹیسٹ میں اس سال مجموعی طورپر 8290 امیدواروں نے22 شعبوں میں2209 نشستوں کے لیے رجسٹریشن کرائی تھی67 امیدواروں کی غیرحاضری کے بعد8223 امیدوارٹیسٹ میں شریک ہوئے جس میں 6123 طلبہ اور2167 طالبات شامل تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں