حلقہ بندیاں کسی کی مرضی کے مطابق نہیں کرسکتے قائم علی شاہ

نئی حلقہ بندیوں کا کام ایک ماہ میں مکمل کرلیں گے، اگر کسی کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو وہ عدلیہ سے رجوع کرے


Staff Reporter September 30, 2013
کراچی میں تین ماہ میں جتنے ٹارگٹ کلر پکڑے گئے ہیں اتنے ماضی میں کبھی گرفتار نہیں ہوئے ۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں نئی حلقہ بندیاں کسی کی مرضی کے مطابق نہیں کی جاسکتی ہیں نئی حلقہ بندیوں کا کام ایک ماہ میں مکمل کرلیں گے، اگر کسی کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو وہ عدلیہ سے رجوع کرے ۔

کراچی میں تین ماہ میں جتنے ٹارگٹ کلر پکڑے گئے ہیں اتنے ماضی میں کبھی گرفتار نہیں ہوئے ۔کراچی میں مکمل امن بحال کریں گے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔صنعت کاروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔ وہ اتوار کی شب مقامی ہوٹل میں کورنگی ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سالانہ عشایے سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیاں سپریم کورٹ کے احکامات پرکی جارہی ہیں حلقہ بندیاں کرنا عدالت کا کام نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسی کی مرضی سے نہیں بلکہ جہاں ضرورت ہوگی وہاں حلقہ بندیاں کی جائیں گی2001 ء میں بھی حلقہ بندیاں کی گئی تھیں اس وقت تو کسی نے بھی اعتراض نہیں کیا تھا اور اگر اب کسی کو اعتراض ہے تو عدالت سے رجوع کرئے ۔



ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ13 برس میں آبادی میں بہت اضافہ ہوا ہے اور اب آبادی کے تناسب سے حلقہ بندیوں کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات کی تلوار لٹک رہی ہے، بلدیاتی انتخابات اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں کرائے جائیں گے۔قبل ازیں اپنے خطاب میں وزیراعلی نے کہا کہ کراچی میں امن ہوگا تو ملک کامعاشی پہیہ چلتا رہے گا۔انھوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور عوام کے تعاون سے بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم کا خاتمہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس شہر میں قیام امن کے لیے بہتر انداز میں کام کر رہی ہے ،شہرکی روشنیوں کو بحال کیا جائے گا اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کورنگی سمیت شہر دیگر صنعتی زونز میں انفراا سٹرکچرکے نظام کومضبوط کیا جائے گااور صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انھوں نے جام صادق پل کی تعمیر کے حوالے سے شکایات پر تحقیقات کرانے کا اعلان کیا اور ایک بزنس مین کے ساتھ پولیس کے ناروا سلوک کی بھی تحقیقات کی ہدایت جاری کیں ۔تقریب سے سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو ،کاٹی کے چیئرمین زبیر چھایا ،ایس ایم منیر اور زبیر ملک سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |