لندن میں حلال کھانوں کا پہلا میلہ سجایا گیا

میلے میں مختلف ریسٹورنٹس پرملنے والے کھانوں کے اسٹالز موجود تھے جبکہ براہ راست کھانا پکانے کے فن کا مظاہرہ بھی کیا گیا


ویب ڈیسک September 30, 2013
اپنی نوعیت کے اس منفرد میلے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ لوگوں کو بتایا جاسکے کہ وہ کسی بھی اعلیٰ ریسٹورنٹ سے حلال کھانا منگوا سکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں اپنی نوعیت کے پہلے حلال کھانوں کے میلہ سجایا گیا۔

لندن کے ایکسل سینٹر میں 3 روز تک جاری رہنے والے دنیا کے سب سے بڑے حلال کھانوں کے میلے میں لوگوں کا جوش وخروش توقعات سے کہیں بڑھ کر تھا، میلے میں دنیا بھر میں موجود طرح طرح کے حلال کھانے پیش کئے گئے جن سے حاضرین خوب لطف اندوز ہوئے، میلے میں براہ راست کھانا پکانے کے فن کا مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں برطانیہ کے مشہور باورچی جین کرسٹوفر نویلی نے بھی شرکت کی۔

میلے میں مختلف ریسٹورنٹس اور سڑکوں پر ملنے والے کھانوں کے اسٹالز موجود تھے جہاں حلال کھانوں کے شوقین افراد کے لیے ککنگ کلاسوں کا انعقاد کیا گیا تاکہ وہ کئی منفرد پکوان تیار کرنا سیکھ سکیں، اپنی نوعیت کے اس منفرد میلے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ لوگوں کو بتایا جاسکے کہ وہ کسی بھی اعلیٰ ریسٹورنٹ سے حلال کھانا منگوا سکتے ہیں۔ اس میلے کا انعقاد لندن میں اس لئے کیا گیا کیونکہ برطانیہ میں مقیم مسلم آبادی کا ایک تہائی حصہ لندن میں رہائش پذیر ہے اور یہاں حلال کھانوں کا کاروبار 2 لاکھ پاؤنڈ تک ہے جبکہ مجموعی طور پر برطانیہ میں سالانہ 7 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا حلال کھانا فروخت کیا جاتا ہے۔

میلے کے ایونٹ ڈائریکٹر نعمان خواجہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے تھے کہ ایک ایسے فیسٹیول کا انعقاد کریں جہاں ہر چیز حلال ہو کیونکہ دنیا بھر میں مسلمان موجود ہیں جو مختلف اقسام کے حلال کھانے کھاتے ہیں اور ہم نے کوشش کی ہے کہ ان تمام کھانوں کو میلے کی زینت بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں