قائد اعظم ٹرافی کے پہلے دن میچز کا رنگ پھیکا رہا

ماحول بنانے کیلیے شائقین کی بھرپور دلچسپی کے خود ساختہ پیغامات کام نہ آئے

ڈومیسٹک کرکٹ مقابلوں کو پہلی بار لائیو اسٹریم کرنے کا دعویٰ غلط نکلا۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی کے پہلے دن میچز کا رنگ پھیکا رہا جب کہ پی سی بی ماحول بنانے کیلیے شائقین کی بھرپور دلچسپی کے خود ساختہ پیغامات جاری کرتا رہا جو کام نہ آئے۔

نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت 6صوبائی ٹیموں پر مشتمل قائداعظم ٹرافی کو پُرکشش بنانے کیلیے پی سی بی کی جانب سے خاصی تشہیر ہوئی، البتہ لاہور، کراچی اور ایبٹ آباد میں تماشائیوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی،قذافی اسٹیڈیم میں سدرن اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں مقابل تھیں، اس میں اسٹاف سمیت 100سے زیادہ افراد موجود نہیں تھے،البتہ پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ قائد اعظم ٹرافی کے پہلے روز شائقینِ کرکٹ بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

قومی کرکٹر شاہین آفریدی کی اچانک آمد پر تماشائی پسندیدہ کرکٹر کو اپنے درمیان دیکھ کر حیران رہ گئے اور سیلفیز بنانے کیلیے تانتا بندھ گیا، شاہین آفریدی کا بیان جاری کیا گیا کہ ایونٹ کھلاڑیوں اور مداحوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔


بعد ازاں سدرن پنجاب کے کھلاڑی محمد عباس کی قائداعظم ٹرافی کے ہمراہ کاردار انکلوژر میں آمد اور شائقین کے ساتھ تصاویر جاری کی گئیں، ساتھ ہی محمد عباس کا بیان بھی ریلیزکیا گیا کہ قائداعظم ٹرافی ڈومیسٹک کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے،میری درخواست ہے کہ شائقینِ کرکٹ بڑی تعداد میں گراؤنڈز کا رخ کریں۔

دوسری جانب یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں بھی تماشائیوں کی تعداد 60سے زائد نہیں تھی،اس مایوس کن صورتحال میں شائقین کو طویل فارمیٹ کی جانب راغب کرنا پی سی بی کیلیے ایک سخت چیلنج ثابت ہوگا۔

ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے مقابلوں کو پہلی بار لائیو اسٹریم کرنے کا دعویٰ بھی غلط نکلا، اس سے قبل گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی کا سوئی گیس اور حبیب بینک کے مابین میچ بھی لائیو اسٹریم کیا گیا تھا۔
Load Next Story