سرفراز احمد نے بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کی حمایت کر دی

پی سی بی اورکپتان کے درمیان بہترہم آہنگی ہونی چاہیے،وکٹ کیپر


Sports Reporter September 15, 2019
پی سی بی اورکپتان کے درمیان بہترہم آہنگی ہونی چاہیے،وکٹ کیپر۔ فوٹو: فائل

سرفراز احمد نے بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کی حمایت کر دی، انھوں نے اسے اچھا اقدام قرار دیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کے دوران میرے پی سی بی سے اچھے تعلقات رہے،اس وقت تمام تر توجہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریزپرہے، پوری کوشش ہوگی کہ اچھا کھیل پیش کریں۔

انھوں نے کہا کہ ہیڈکوچ اورچیف سلیکٹر مصباح الحق کے ساتھ میرے اچھے تعلقات ہیں، میں ان کی کپتانی میں بھی کھیل چکا،ہم قومی ٹیم کی بہتری کے لیے مل جل کرکام کریں گے۔

ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہاکہ اب میں نے بیٹنگ لائن میں اپنا نمبرمنتخب کرلیا ہے،کوشش ہوگی کہ اسی پر کھیلوں، اس حوالے سے مصباح سے بھی بات ہوئی ہے، انھوں نے کہا کہ کپتان کی مدت کا فیصلہ پی سی بی کرتا ہے، سب سے بڑی بات بورڈ اور کپتان کے درمیان کمیونیکیشن برقرار رہنا ہے، اب حکام کی مرضی جسے وہ چاہیں ٹیسٹ کپتان نامزد کردیں۔

انھوں نے کہا کہ بابر اعظم کو نائب کپتان بنانا اچھا اقدام ہے، وہ اس طرح کپتانی کے لیے بھی تیار ہوجائیں گے،بابر کے ساتھ بھی میرے اچھے تعلقات ہیں، وہ سلپ کی فیلڈ پرمیرے ساتھ ہی ہوتے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ اچھے وقت میں توسب ہی ساتھ ہوتے ہیں، میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے بُرے وقت میں مجھے سپورٹ کیا،انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آگے جا سکتا ہے لیکن جن کھلاڑیوں نے ریٹائرمنٹ لی ان کا متبادل تلاش کرنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں