اسنیپ چیکنگ کا طریقہ تبدیل پاکٹ کیمرے والے اہلکار تعینات ہوںگے

ایک ضلع میں 15 مجموعی طور پر شہر بھر میں 105 اسنیپ چیکنگ کے پوائنٹ ہوں گے، کراچی پولیس چیف


Staff Reporter September 15, 2019
اسنیپ چیکنگ میں علاقہ پولیس کے علاوہ ٹریفک پولیس، سی پی ایل سی اور ایکسائز کا عملہ بھی موجود ہو گا، غلام نبی میمن۔ فوٹو: فائل

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اسنیپ چیکنگ کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت اسنیپ چیکنگ کے لیے تمام اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جبکہ ایک ضلع میں 15 اور مجموعی طور پر شہر بھر میں 105 اسنیپ چیکنگ کے پوائنٹ ہونگے۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اسنیپ چیکنگ میں علاقہ پولیس کے علاوہ ٹریفک پولیس ، سی پی ایل سی اور ایکسائز کا عملہ بھی موجود ہوگا جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ اسنیپ چیکنگ پوائنٹ پر 2 اہلکاروں کی وردی پر پاکٹ کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ اسنیپ چیکنگ کے عمل کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ پولیس کارکردگی کو بھی مانیٹر کیا جا سکے اور اس حوالے سے انھوں نے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کو بجٹ رپورٹ ارسال کی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریڈر کی خریداری کے لیے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے جبکہ سرپرائز اسنیپ چیکنگ کے دوران چیکنگ پوائنٹ بھی تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں