دوسراون ڈے پاکستان کینگروزپرجوابی وارکیلےتیار

سیریز ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک سے بچنے کیلیے آج ہر صورت فتح کو گلے لگانا ہوگا۔


Sports Desk August 29, 2012
سیریز ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک سے بچنے کیلیے آج ہر صورت فتح کو گلے لگانا ہوگا۔ (فوٹو : اے ایف پی )

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ جمعے کوابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس پلٹ کر وار کرنے کو تیار ہیں، سیریز ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک سے بچنے کیلیے ہر صورت فتح کو گلے لگانا ہوگا، پریکٹس سیشن میں بیٹنگ خامیوں کو دور کرنے پر بھرپور توجہ دی گئی، دوسری جانب کینگروزپہلے معرکہ سر کرنے کے باوجود محتاط ہیں، کپتان مائیکل کلارک نے اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے جوابی حملے سے ہوشیار ہیں، میزبان میدان پر کھیلے گئے 19 میچز میں سے ہدف کا تعاقب کرنے والی8 ٹیمیں ہی کامیاب ہو سکیں، سلو وکٹ پر ٹاس جیتنے والی سائیڈ کے پہلے بیٹنگ کا امکان ہے، سہیل تنویر اور اعزاز چیمہ کی طرف سے غیر متاثر کن بولنگ کے بعد کسی ایک پیسر کو ڈراپ کرکے جنید خان یا انور علی کو آزمایا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے ہاتھوں متحدہ عرب امارات میں 4-0 اور سری لنکا میں3-1 سے ہارنے والے گرین شرٹس کو مسلسل تیسری سیریز میں شکست کی شرمندگی سے بچنے کیلیے جمعے کو آسٹریلیا کے خلاف لازمی فتح درکار ہوگی، بصورت دیگر تینوں میچوں کی سیریز کے آخری معرکے کی حیثیت رسمی کارروائی جیسی رہ جائیگی، شیخ زید اسٹیڈیم پراب تک کھیلے گئے 19 میچز میں سے11 بار پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں کامیاب رہی ہیں، زیادہ امکان یہی ہے کہ جو کپتان بھی ٹاس جیتے گا حریف ٹیم کو ہدف دینے کی حکمت عملی اپنائے گا، پاکستانی پیسرز کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سہیل تنویر یا اعزاز چیمہ میں سے کسی ایک کو ڈراپ کرکے جنید خان یا انور علی کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے،

روایتی طور پر یو اے ای میں جمعہ کے روز کھیلے گئے بیشتر میچز کا فیصلہ پاکستان کے حق میں ہوا، ہفتہ وار چھٹی ہونے کی وجہ سے گرین شرٹس کو مقامی شائقین کی بھر پور سپورٹ حاصل رہے گی، دوسری طرف انگلینڈ کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کا سامنا کرنے والے کینگروز دوسرا ون ڈے جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے ساتھ رینکنگ بھی بہتر بنانے کیلیے بے چین ہیں، آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے پاکستانی اسپن بولنگ کو چیلنج قرار دیتے ہوئے بیٹسمینوں خصوصاً ٹاپ آرڈر سے بہتر کھیل کی امیدیں باندھ لی ہیں، انھوں نے کہا کہ پہلے میچ کے دوران مختلف مراحل پر ہم خاصے دبائو میں آگئے تھے، ہدف کے تعاقب میں زیادہ بہتر کوشش کی جاسکتی تھی، تاہم دوسرے میچ میں کوئی ٹاپ آرڈر بیٹسمین سنچری اسکور کرلے تو مجھے خوشی ہوگی۔

مائیکل کلارک نے سلو پچ اور سخت موسم کو بھی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا امتحان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں بیٹسمین کو رنز بنانے کیلیے تحمل سے وکٹ پر زیادہ سے زیادہ قیام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے مگر گرمی رکاوٹ بنتی ہے، مائیکل کلارک نے اپنے کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ پاکستان ٹیم جوابی حملہ کرسکتی ہے اس لیے وہ دوسرے میچ کے دوران پوری طرح ہوشیار رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں