باکسر محمد وسیم کی پذیرائی نہ ہونے پر وسیم اکرم دلبرداشتہ

قومی ہیروز کی قدر نہ کرنے پر ہمیں تھپڑ مار کر جگانے کی ضرورت ہوتی ہے، وسیم اکرم

محمد وسیم نے فلپائنی حریف کو ناک آوٹ کرکے جیت کشمیریوں کے نام کی تھی فوٹو: فائل

پاکستان کے لیے متعدد کارنامہ سرانجام دینے والے پاکسر محمد وسیم کی شایان شان پذیرائی نہ ہونے پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم خاصے دلبرداشتہ ہیں۔


محمد وسیم نے فلپائنی حریف کو پہلے ہی رائونڈ میں ناک آوٹ کر تے ہوئے جیت کشمیریوں کے نام کی تھی، اس حوالے سے چند حکومتی ارباب اختیار کے سوشل میڈیا پر پیغامات تو آئے لیکن ایئرپورٹ پر استقبال کے لیے کوئی نہیں آیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کا سہارا لیتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ ائیرپورٹ پر استقبال کے لیے مقابلوں میں شریک نہیں ہوتا،میرا مقصد یہ ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا استقبال ہو، ہر تربیتی کیمپ، مقابلہ اور ٹور میرے لیے یہ ثابت کرنے کا موقع ہوتا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا کتنا ٹیلنٹ موجود ہے۔

اس معاملے پر اپنے ردعمل میں وسیم اکرم نے کہا کہ پورے پاکستان کی طرف سے معذرت کرتا ہوں، کبھی کبھار قومی ہیروز کی قدر نہ کرنے پر ہمیں تھپڑ مار کر جگانے کی ضرورت ہوتی ہے، محمد وسیم آئندہ فتح کا جھنڈا گاڑ کر واپس آئے تو خود ان کو لینے ائیرپورٹ جاؤں گا، شاندار کامیابی پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
Load Next Story