چائنا ٹینس وکٹوریا آذرنیکا پہلے راؤنڈ کی مہمان بن گئیں

آندریا پیٹکووک ،جیلینا جینکووچ اور ایناایونووک کی کامیابی، مینز سنگلز میں ٹومک نے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی


Sports Desk/AFP October 01, 2013
چائنا اوپن: بیلا روسی کھلاڑی وکٹوریا آذرنیکا جرمن حریف آندریا پیٹکووک کیخلاف شاٹ کھیل رہی ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

لاہور: چائنا اوپن میں دفاعی چیمپئن وکٹوریا آذرنیکا پہلے راؤنڈ کی مہمان بن گئیں، مینز سنگلز میں آسٹریلوی نمبر ون برنارڈ ٹومک نے ابتدائی خوف پر قابو پاکر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق سیکنڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا سابق فائنلسٹ جرمن حریف آندریا پیٹکووک کی شدید مزاحمت کا سامنا نہ کرسکیں اور پہلے راؤنڈ میں ہمت ہار بیٹھیں۔ بیلاروس کی عالمی نمبر2 اپنی صلاحیتوں کی اس جھلک کو دکھانے میں ناکام رہیں جس کی وجہ سے انھوں نے گذشتہ برس ٹائٹل جیتا تھا۔ دوسرے سیٹ میں آذرنیکا نے کامیابی بھی حاصل کی لیکن آخر کار پیٹکووک نے انھیں 6-4 ، 2-6 اور 6-4 سے قابو کرلیا۔ 24 سالہ پلیئر کی یہ دوسری مسلسل ناکامی تھی، انھیں بیماری کے سبب گذشتہ ہفتے پین پیسفک اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں وینس ولیمز کے ہاتھوں خفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چین کی ژانگ شوئی نے اپنی شاندار کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے ہم وطن پینگ شوئی کو 6-3 اور 6-3 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں 10 سیڈ روبرٹا ونسی سے مقابلہ پکا کرلیا۔ وائلڈ کارڈ ژانگ نے رواں ماہ کے اوائل میں گوانگ ژو میں پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتا تھا۔ پیر کا دن 3 سربیئن پلیئرز کے لیے خوش بخت ثابت ہوا ، 8 سیڈ جیلینا جینکووچ نے تین سیٹس میں روس کی اناستاسیا پاولی چنکووا کو 1-6 ، 6-4 اور 6-0 زیر کیا ، ہم وطن اینا ایونووک نے اٹالین فلاویا پنیٹا کو 7-6 (11/9) اور 6-1 سے ہرایا، بوجانا جونواسکی نے سربیئن کھلاڑیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے رومانیہ کی سورانا کرسٹیا کو 6-3 ، 6-2 سے پچھاڑ دیا۔



 

پہلے راؤنڈ میں ہی کینیڈین ایوگینے بوچارڈ نے سلواکیا کی میگڈیلینا ریبریکووا کو 6-4 ، 6-1 ، روس کی سویٹلانا کزنٹسووا نے تائیوان کی ہسی سووائی کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-1, 6-1، سلووانیا کی پولونا ہرکوگ نے پورٹو ریکو کی مونیکا پوئگ کو 6-1 ،6-4 جبکہ قازقستان کی جیلینا ووسکو بوایوا نے کینیڈا کی شیرون فچ مین کو 6-4، 6-3 سے مات دی ۔

مینز سنگلز میں برنارڈ ٹومک نے ابتدائی خوف کے بعد چین میں پرورش پانیوالے وائلڈ کارڈ اسٹار ژینگ ژی پر قابو پاکر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ آسٹریلین نمبر ایک نے گیم کا آغاز سست روی سے کیا ، ورلڈ رینکنگ میں 190 ویں پوزیشن پر براجمان ژینگ پہلے سیٹ میں کامیابی کے قریب تھے کہ ٹومک نے اسے 7/4 سے جیت لیا۔ 20 سالہ ٹومک نے پھر پلٹ کر پیچھے نہیں دیکھا اور 7-6 (7/4) ، 6-4 سے فتح سمیٹ لی۔ دیگر فرسٹ راؤنڈ میچز میں اٹلی کے فیبیو فوگینی نے اسپین کے ٹومی روبریڈو کو 7-5،4-6اور 6-3 اور اسپین کے روبرٹوبوٹیسٹااگٹ نے بلغارین حریف گریگور دمترو کو 6-4 ، 6-2 سے ٹھکانے لگایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔