محمود آباد جانوروں پر نشانہ بازی کر کے ٹارگٹ کلر بننے والا ملزم گرفتار

فہدپولیس اہلکار سمیت2افراد کے قتل میں ملوث ہے،مختصر مدت کیلیے اغوا کرنے والے گینگ کے سرغنہ سمیت3ملزمان پکڑے گئے


Staff Reporter October 01, 2013
گروہ کا سرغنہ آوارہ گھومنے والے کتوں کو نشانہ لگواتا تھا.فوٹو: فائل

محمود آباد پولیس نے جانوروں پر نشانہ بازی کی تربیت حاصل کر کے ٹارگٹ کلر بننے والے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

ملزم نے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد کے قتل میں ملوث ہے جبکہ درخشاں پولیس نے سی ویو سے مختصر مدت کے لیے اغوا کرنے والے گینگ کے سرغنہ جعلی ڈی ایس پی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی ساؤتھ منیر احمد شیخ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایس پی کلفٹن سرفراز نواز کی زیر نگرانی ایس ایچ او محمود آباد انسپکٹر سرور کمانڈو نے سید فہد حسین ولد سید مسرت حسین کو گرفتار کر کے اسلحہ اور آلٹو کار برآمد کرلی ۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم انتہائی تربیت یافتہ ٹارگٹ کلر ہے جس نے دوران تفتیش بتایا کہ اس کے گروہ کا سرغنہ طلحہٰ کورنگی کے ایک گراؤنڈ میں واقع کچرا کنڈی کے قریب آوارہ گھومنے والے کتوں کو نشانہ لگواتا تھا اور اس کی ہدایت کے مطابق تربیت کے دوران گولی بھاگتے ہوئے یا چلتے ہوئے کتوں پر چلانی ہوتی تھی اور نشانہ ان کے سر کو بنایا جاتا تھا تاکہ ہم ماہر نشانہ باز بن جائیں۔



ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ ملزم نے اپنے ساتھی طلحہٰ کے ساتھ مل کر آفتاب شیخ محمود نامی شخص کو اغوا کے بعد اپنی گاڑی کی اگلی سیٹ پر بٹھا کر گولی مار کر قتل کر دیا اور بعدازاں اس کی لاش سفاری پارک کے قریب فلائی اوور پر پھینک دی ،مارچ 2013 کو مبینہ ٹاؤن میں2موٹر سائیکلوں پر سوار4ملزمان نے فائرنگ کر کے پولیس ہیڈ کانسٹیبل محمد ارشد ہلاک کیا تھا جس میں گرفتار ملزم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، انھوں نے بتایا کہ ملزم فہد حسین نے اپنے ساتھی طلحہٰ کے کہنے پر موٹر سائیکلیں اور کار بھی چھینی تھی ۔

ملزم کے قبضے سے ملنے والی کار میں مفرور ملزم طلحہٰ اور اس کے دیگر ساتھیوں نے اورنگی ٹاؤن میں 2 افراد کو اہدافی قتل کا نشانہ بنایا تھا، ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ اس کے گروہ کے سرغنہ طلحہٰ نے اپنا ایک گروہ بنایا ہوا ہے۔

جو لوگوں سے نہ صرف بھتہ وصول کرتا ہے بلکہ ڈکیتی و رہزنی کی وارداتیں بھی کرتا ہے، ایس پی کلفٹن سرفراز نواز کی سربراہی میں درخشاں پولیس نے ساحل سمندر پر آنے والے شہریوں کو ڈی ایس پی ظاہر کر کے لوٹ مار کرنے اور مختصر مدت کے لیے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان خرم ، کاشف اور راحیل کو گرفتار کر کے سیاہ رنگ کی ٹویوٹا کرولا برآمد کرلی جس کی چھت پر نیلی بتی لگی تھی ، گرفتار ملزم خرم سادہ لباس میں شہریوں کو اپنا تعارف ڈی ایس پی خرم کے نام سے کراتا تھا جبکہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران مختصر مدت کے لیے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔