عوام پر ایک ہی دن میں2حملے بجلی589 روپے یونٹ پٹرول412 روپے فی لیٹر مہنگا

200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے صارفین اضافے سے مستثنیٰ ،201 سے300 یونٹ تک ریٹ 8.11 سے بڑھا کر14روپے یونٹ کر دیا گیا

پٹرول 113.25 روپے لیٹرہو گیا، ہائی اسپیڈ ڈیزل 4.69، مٹی کا تیل 2.14، ایچ او بی سی کی قیمت5.57 روپے لیٹر بڑھا دی گئی فوٹو: فائل

KARACHI:
حکومت نے عوام پر ایک ہی دن میں مہنگائی کے 2حملے کردیے۔بجلی اور پٹرول بم ایک ساتھ گراتے ہوئے گھریلو صارفین کیلیے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

جس کا اطلاق آج (منگل )سے ہو گا۔ نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 200 سے زائد یونٹس ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلیے بجلی 5.89 روپے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے جس کے بعد فی یونٹ قیمت8.11 روپے سے بڑھ کر 14روپے ہو گئی ہے۔ 200 یونٹ یا اس سے کم ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین اس اضافہ سے مستثنیٰ ہونگے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فارمولے کے تحت 201 سے300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلیے5.89 روپے فی یونٹ، 301 سے 700یونٹ تک کے صارفین کیلیے3.67 روپے فی یونٹ اور 700 یونٹ سے زائد استعمال کر نیوالے صارفین کے لیے بجلی کی قیمتیں 2.93 روپے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔

آئی این پی کے مطابق انوکھے فارمولے کے تحت 200 سے 300 تک یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کیلیے بجلی مہنگی اور 300 سے 700 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کیلیے ان سے سستی ہو گی۔ این این آئی کے مطابق301 سے 700 روپے فی یونٹ ماہانہ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے نرخ 12 روپے 33 پیسے سے بڑھ کر 16 روپے فی یونٹ ہوں گے ۔ 700 یونٹس ماہانہ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بجلی 2 روپے 93 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگی ۔ ایسے صارفین کے لیے نرخ 15 روپے 7 پیسے سے بڑھ کر 18 روپے فی یونٹ ہوں گے۔ جن گھریلو صارفین کے پاس ٹائم آف یوز قسم کے میٹرز ہیں ان کیلیے پیک آوورز میں بجلی 4 روپے تک مہنگی کی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔ نیپرا نے بجلی پر ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ ختم کرنے کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ فیول لاگت ماہانہ کے بجائے چھ ماہ یا ہرسال ایڈجسٹ کی جائے۔




فیول ایڈجسٹمنٹ کے خاتمے کے لئے نیپرا ایکٹ میں ترمیم کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں 60 فیصد ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد سینکڑوں کا بل ہزاروں میں تبدیل ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے قرض لینے کی شرائط میں ایک شرط بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ بھی تھا، جسے حکومت نے منظور کرلیا تھا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق200 یونٹ ماہانہ استعمال کرنیوالے 40 فیصد صارفین اضافے سے مستثنیٰ ہونگے جبکہ باقی آئی ایم ایف کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے پر اصل قیمت ہوگی 3 ہزار 22 روپے لیکن 10 پیسے یونٹ نیلم جہلم سرچارج، ایک اعشاریہ پانچ فیصد محصول، 35 روپے ٹی وی فیس اور 17 فیصد جی ایس ٹی بھی ادا کرنا ہوگا۔ ایک ماہ میں میٹر 400 یونٹ چلا تو خالص بل 5 ہزار 5 سو 51 روپے آئے گا ۔ 500 یونٹ کے استعمال پر 7 ہزار 4 سو57 روپے ادا کرنا پڑیں گے۔

600 یونٹ کی قیمت 9ہزار 3 سو64 روپے اور700 یونٹ پر 11ہزار 2 سو70 روپے جیب سے جائیں گے۔ 800 یونٹ ماہانہ پر 13ہزار 4 سو 13۔ 900 یونٹ پر 15ہزار 5 سو56 روپے اور ایک ہزار یونٹ پر 17 ہزار 6سو99 روپے بل دینا ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی منظوری کے بعد حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5.57 روپے فی لٹر تک اضافہ کردیا ہے۔ نئی قیمتیں آج سے نافذ ہونگی تاہم وزیراعظم کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں دو روپے فی لٹر کے حساب سے سبسڈی دینے کی منظوری دینے کی وجہ سے پٹرول کی قیمت میں 6.12روپے کے بجائے 4.12 روپے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 6.69روپے کے بجائے 4.69 روپے فی لٹر بڑھائی گئی ہے۔

پٹرول کی قیمت 4.12 روپے فی لٹر اضافہ کے ساتھ 109.13روپے سے بڑھا کر113.25 روپے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت4.69 روپے اضافہ کے ساتھ 112.26روپے سے بڑھا کر 116.95روپے فی لٹر کر دی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2.14 روپے اضافہ کے ساتھ 105.99روپے سے بڑھا کر108.13روپے فی لٹر، ایچ او بی سی کی قیمت میں 5.57روپے اضافہ کے ساتھ 138.33روپے سے بڑھا کر143.90روپے فی لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 2.81 روپے اضافہ کے ساتھ 98.43 روپے سے بڑھا کر101.24روپے فی لٹر کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جے پی ون کی قیمت2.13 روپے اضافہ کے ساتھ 94.29 روپے سے بڑھا کر 96.42 روپے فی لٹر، جے پی فور کی قیمت 3.06 روپے اضافہ کے ساتھ86.46 روپے سے بڑھا کر89.52روپے فی لٹر جے پی آٹھ کی قیمت2.12 روپے اضافہ کے ساتھ 93.95 روپے سے بڑھا کر 96.07 روپے فی لٹر کر دی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی دینے سے حکومت کو دو ارب دس کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔
Load Next Story