ٹارگٹڈ آپریشن سے حالت میں بہتری عارضی ثابت ہوئی کراچی میں ٹارگٹ کلرز پھر سرگرم باپ بیٹوں سمیت17افراد کو ہ

جھٹ پٹ مارکیٹ لیاری میں عبدالشکور 2بیٹوں سمیت قتل، مسجد آل محمدکے ٹرسٹی حسن جواد نارتھ کراچی میں نشانہ بنے


Staff Reporter October 01, 2013
گلستان جوہر میں کار سے 3افراد کی بوری بند لاشیں ملیں، سپرہائی وے، ماڑی پور روڈ پر بھی فائرنگ۔فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ اور بوری بند لاشیں ملنے کے مختلف واقعات میں پیر کو باپ بیٹوں سمیت17افراد جاں بحق ہوگئے۔

ٹارگٹ کلنگ کی مسلسل وارداتوں کی وجہ سے شہر میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے پے در پے چھاپہ مار کارروائیاں اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ لیاری کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ توحیدی مسجد کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے3 افراد کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔ تینوں افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی گئیں۔ ایس ایچ او کلاکوٹ سلیم مروت کے مطابق مقتولین کی شناخت24 سالہ عابد ولد عبدالشکور،30 سالہ زاہد ولد عبدالشکور اور45 سالہ عبدالشکور ولد نذیر احمد نے نام سے کر لی گئی ہیں، جو باپ بیٹے ہیں۔مقتولین بھیم پورا کے رہائشی ہیں اور ان کا آبائی تعلق بہاولپور ک سے ہے۔

وہ جھٹ پٹ مارکیٹ چھولے کا ٹھیلا لگاتے تھے۔ نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر5C-1 میں باڑا مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار نمبر AVH-676 پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مقتولین کی شناخت 40 سالہ سید حسن علی جواد ولد نادر علی اور ان کے ڈرائیور30 مجیب کے نام سے کر لی گئی۔ ڈی ایس پی خواجہ اجمیر نگری چوہدری اختر نے ایکسپریس کو بتایا کہ سید حسن علی سیکٹر 11-Aکے رہائشی ہیں جبکہ ان کا ڈرائیور مجیب بلال کالونی کا رہائشی تھا۔مقتول سید حسن علی کی سیکٹر5C-1 میں واقع سنی پلازہ میں دکانیں تھیں جن کی دیکھ بھال کے لیے وہ روزانہ آیا کرتے تھے، قریب ہی ان کی ہمشیرہ کا گھر بھی تھا۔

مقتول پیر کو بھی حسب معمول اپنی دکانوں پر آئے تھے، جب وہ واپس جانے کے لییکار میں سوار ہو رہے تھے تو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 12خول بھی ملے ہیں جنھیں تجزیے کے لیبارٹری بھجوایا جائے گا۔ مقتول سید حسن علی جواد مسجدو امام بارگاہ آل محمد کے ٹرسٹی بھی تھے۔ شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 17 کے مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایکسچینج کے قریب مشکوک کار آلٹو رجسٹریشن نمبر AST-391 کھڑی ہے جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کار کو اپنی تحویل میں لیا اور اس کی تلاش لی توکار کی پچھلی سیٹوں سے بوری میں بند 3 افراد کی لاشیں ملیں جنھیں اغوا کرنے کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد میں سروں پر گولیاں مارکے قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین کے جسموں پر سگریٹ سے جلائے جانے اور گلے پر پھندے کے نشانات بھی موجود ہیں۔



ایک کی شناخت سہیل جبکہ دوسرے کی افضل کے نام سے شناخت ہوئی، مقتولین الشفا ٹرسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی ایئرپورٹ کے رہائشی اور محنت کش تھے۔ جس کار سے تینوں افراد کی لاشیں ملی ہیں وہ نجی ٹیکسٹائل کے منیجر وقار کی ہے جسے رابعہ سٹی کے قریب سے چھینا گیا تھا۔ مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں یونیوسٹی روڈ جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ کے قریب نامعلوم قاتلوں نے موٹر سائیکل سوار شخص کو فائرنگ کر کے قتل کردیا ۔ مقتول کی شناخت40 سالہ سلیم راحت ولد ولی محمد کے نام سے ہوئی ہیجو گلستان جوہر بلاک 8کا رہائشی ہے جبکہ اسکا آبائی تعلق لاہور سے ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

سپر ہائی وے کے قریب واقع سپر مارکیٹ میں فائرنگ سے 45 سالہ امیر خان ولد سیلاب خان ہلاک ہوگیا۔ مقتول سپر مارکیٹ کا چوکیدار تھااور اس کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔ کلری تھانے کی حدود ماڑی پور روڈ پرانے ٹرک اڈے کے قریب واقع نجی اسکول کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جسے سر پر گولی مارکر قتل کیا گیا۔ ایس ایچ او ذوالفقار مری نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولکی شناخت محمد اقبال خال ولد دراز خان کے نام سے ہوئی ہے جو لیاری دریا آباد کا رہائشی تھا اورمچھلی کا کارو بار کرتا تھا۔ انھوں نے مقتول کا لیاری گینگ وار کے دونوں گروپوں سے تعلق تھا اور شبہ ہے کہ مقتول کو مخبری کے الزام میں قتل کیا گیا ہے۔

بریگیڈ تھانے کی حدود میں مزار قائد والی بال گراؤنڈ کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 22 سالہ محمد نوید ولد محمد جمال زخمی ہو گیا۔زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر آئی اسپتال کے قریب فائرنگ سے 23 سالہ حارث ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ شاہ فیصل کالونی 3 نمبر عثمان میڈیکل اسٹور کے قریب سر پر گولی لگنے سے 22 سالہ نعمان شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ مقتول شاہ فیصل کالونی کے علاقے ہزارہ کالونی کا رہائشی تھااور واقعہ دوستوں میں جھگڑے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ بریگیڈ کے علاقے میں فائرنگ سے محمد نوید زخمی ہوگیا۔

علاوہ ازیں اسٹیل ٹاؤن کے علاقے حاجی سومار گوٹھ میں کار سوار ملزمان 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش پھینیک کر فرار ہوگئے جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی ، پولیس کا کہنا ہے کہ جس وقت کار سوار ملزمان نے لاش پھینکی وہاں پر موجود افراد نے انھیں دیکھا تھا اور پولیس کو بتایا کہ جس کار میں ملزمان لاش لے کر آئے تھے اس میں ایک خاتون بھی سوار تھی ، پولیس کے مطابق فیروز آباد میں ناکام بنائی جانے والی بینک ڈکیتی کی واردات کرنے کے لیے آنے والے ڈاکوؤں کے ہمراہ کار میں خاتون بھی سوار تھی اور پولیس کی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوا تھا اور ملزمان اسے اپنے ہمراہ گاڑی میں ڈال کر فرار ہوگئے تھے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ ملنے والی لاش مبینہ طور پر ڈاکو کی ہوسکتی ہے جو فائرنگ سے زخمی ہوا تھا اور ہلاک ہونے پر اس کے ساتھی لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔

ریلوے سٹی کے علاقے وزیر مینشن کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس ساکران ندی سے 10 روز پرانی لاش ملی۔ پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاون سیکٹر ساڑھے گیارہ میں نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر کے 55 سالہ کلام اﷲ کو قتل کر دیا، ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ بلدیہ ٹاؤن علی چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے محمد عمر ، شرافی گوٹھ مانسہرہ کالونی میں فائرنگ سے 30سالہ آصف بلوچ جبکہ صدر کے علاقے جہانگیر پارک کے قریب فائرنگ سے عمران نامی شخص زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔