بجلی اور پٹرول کے نرخ مسترد اپوزیشن اور تاجروں نے آج مظاہروں کا اعلان کر دیا

ملک گیرمظاہرے کریں گے،امین فہیم،اضافہ ظالمانہ اورعوام دشمن ہے ،خورشیدشاہ،مہنگائی کا نیاطوفان آجائے گا،تحریک انصاف


Numaindgan Express October 01, 2013
تاجر تنظیموں نے بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ مستردکرتے ہوئے احتجاج کااعلان کردیا۔ رائٹرز/ فائل

اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیوایم ،تحریک انصاف اورتاجر تنظیموں نے بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ مستردکرتے ہوئے احتجاج کااعلان کردیاہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم نے کہاہے کہ ملک میں امیروں کی حکومت ہے جوصرف امیروں کاہی سوچ رہی ہے، اس کاغریبوں سے کوئی لینادینا نہیں۔ انھوں نے اعلان کیاکہ قیمتوںمیں اضافے کیخلاف پیپلز پارٹی ملک بھر میں شدیداحتجاج اورمظاہرے کرے گی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف خورشیدشاہ نے کہاکہ افراطِ زر، بدامنی اور بیروزگاری سے کچلے ہوئے عوام پراب 5.89روپے فی یونٹ بجلی کانرخ بڑھاکرظلم کی انتہاکردی گئی ہے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف پیپلزپارٹی حزبِ اختلاف کی دیگرپارٹیوں کے ساتھ مل کرقومی اسمبلی میں آوازاٹھائے گی اورحکومت کواس بات پر مجبورکرے گی کہ وہ اپنایہ فیصلہ واپس لے۔



پیپلزپارٹی کے سابق وفاقی وزیر قمرالزمان کائرہ نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف سڑکوں کے علاوہ اسمبلی میں بھی احتجاج کرینگے۔ پاکستان تحریک انصاف نے اضافے کوظالمانہ قراردیتے ہوئے مسترد کردیاہے اوراس کے خلاف بھرپوراحتجاج کااعلان کیا ہے۔پارٹی ترجمان نے اپنے بیان میں کہاکہ حکومت عوام کوبنیادی سہولتوں کی فراہمی میں مکمل طورپرناکام رہی ہے۔ بجلی اورتیل کی قیمتوںمیں حالیہ اضافے سے ملک میں مہنگائی کاایک نیاطوفان آئے گاجسے برداشت کرناعوام کے بس سے باہرہوگا۔

علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین نے حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتون میں اضافے پرسخت ردعمل پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حکومت عوام کوکچلنے کے ایجنڈے پرگامزن ہے۔ ایک طرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تودوسری جانب اب بجلی کی قیمتوںمیں اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دیں ہیں۔ ''ایکسپریس'' سے ٹیلی فون پرخصوصی بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ حکومت نے3 ماہ کے دوران کوئی عوامی ریلیف نہیں دیا۔ تحریک انصاف نے مطالبہ کیاکہ حکومت اپنے اخراجات اوربجٹ خسارے کابوجھ عوام پرمنتقل کرنے سے بازرہے اوربجلی اورتیل کی قیمتوںمیں حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں