’’ایکسپریس‘‘ کی عالمی کانفرنس قابل تقلید کاوش ہے ممتاز شعرا

مثبت روایات کو فروغ ملے گا، سحر انصاری، انور شعور، فہمیدہ ریاض اور محسن چنگیزی کی گفتگو

مثبت روایات کو فروغ ملے گا، سحر انصاری، انور شعور، فہمیدہ ریاض اور محسن چنگیزی کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
ممتاز شعرا پروفیسر سحر انصاری، انور شعور، فہمیدہ ریاض، محسن چنگیزی نے کہا ہے کہ ''ایکسپریس'' کی عالمی کانفرنس قابل تقلید کاوش ہے، اس سے مثبت روایات کو فروغ ملے گا، موجودہ حالات میں اس طرز کی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔

انور شعور نے کہا کہ مشاعرے کی روایت اپنے پورے لوازمات کے ساتھ اردو کے سوا کسی اور زبان میں نہیں ملتی، اس کی خصوصیت یہ ہے کہ سامعین اور شعرا دونوں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، مشاعرے میں شامل ہر شخص اس کا حصہ ہوتا ہے۔ انھوں نے ایکسپریس کی عالمی کانفرنس کو خوش آئند اور قابل تقلید کاوش قرار دیتے ہوئے اسے زبان و ادب کی خدمت قرار دیا۔



پروفیسر سحر انصاری نے کانفرنس کو قابل ستائش کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی میں ہونے والی کانفرنس میں بھی شریک تھے جہاں اردو کے مسائل پر گفتگو کرنے اور سننے کا موقع ملا، اب لاہور میں کانفرنس کا انعقاد اچھا فیصلہ ہے، امید ہے کہ یہ کانفرنس کامیاب ثابت ہوگی اور اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔




 

انھوں نے مشاعرے کو تہذیب کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سامعین کی ادبی اور فکری تربیت ہوتی ہے۔ فہمیدہ ریاض کے مطابق شعر و شاعری کسی بھی زبان میں خصوصی اہمیت رکھتی ہے، بڑے بڑے مفکروں نے شاعری کی صورت میں اپنے خیالات کا اظہار کیا، یہ برصغیر کے ایک بڑے طبقے کی دانشورانہ فکر کی ترجمان ہے، شاعری میں شاعر اور سامعین کے درمیان براہ راست تعلق قائم ہوتا ہے۔ انھوں نے ایکسپریس کی عالمی کانفرنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی کوشش ہے، بامعنی اور بامقصد گفتگو اردو کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔

موجودہ نسل کے نمایاں شاعر محسن چنگیزی کے مطابق مشاعرہ ہماری ادبی روایات کا اہم حصہ ہے، موجودہ حالات میں اس طرز کی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے، ایکسپریس کی جانب سے عالمی کانفرنس کا سلسلہ اچھی کوشش ہے، امید ہے کہ اس سے ادب کو فروغ ملے گا۔ ایکسپریس کی دوسری عالمی کانفرنس 12 تا 13 اکتوبر لاہور میں ہوگی۔ 6سیشنز پر مشتمل کانفرنس میں ممتاز اہل قلم اپنے مقالے پیش کریں گے۔ پہلے دن کے اختتام پر استاد رئیس خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ دوسرے دن کے اختتام پر ظفر اقبال کی صدارت میں مشاعرہ منعقد ہوگا، جس میں اردو دنیا کے نام ور شعرا اپنا کلام پیش کریں گے۔
Load Next Story