جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست سننے والا سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا

جسٹس فائز نے سپریم جوڈیشل کونسل کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ پر اعتراض بھی اٹھادیا


ویب ڈیسک September 17, 2019
جسٹس فائز نے سپریم جوڈیشل کونسل کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ پر اعتراض بھی اٹھادیا فوٹو:فائل

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سپریم جوڈیشل کونسل کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا۔

جسٹس عمرعطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی لارجر بینچ نے جوڈیشل کونسل کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسی کی درخواست کی سماعت کی۔

جسٹس قاضی فائز عیسی کی جانب سے منیر اے ملک عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل غیر متوازن اور پولیٹکل انجینئرنگ کا تاثر مل رہا ہے جبکہ جوڈیشل انجینئرنگ کے لیے بھی استعمال ہو رہا ہے۔

منیر اے ملک نے بنچ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس بنچ میں کچھ ججز کو مقدمہ سننے سے انکار کر دینا چاہیے، سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران کے علاوہ باقی ججز پرمشتمل فل کورٹ بنائی جائے۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ کون سے عوامل سے جج کی جانبداری ثابت ہوتی ہے؟، اس عدالت کا ہرجج اپنی ذمہ داری آئین اور قانون کے مطابق ادا کرتا ہے، اس عدالت کے کسی جج کی کسی مقدمے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، جج کی جانبداری کا کہہ کر آپ غلط جانب جا رہے ہیں۔

وکیل منیر اے ملک نے کہا کہ جن ججز نے چیف جسٹس بننا ہے ان کی دلچسپی ہے، اس بینچ کے دو ججزممکنہ چیف جسٹس بنیں گے، چیف جسٹس بننے سے انکی تنخواہ بڑھے گی۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ آپ نے عدلیہ کو مضبوط کرنا ہے، کسی جج پر ذاتی اعتراض نہ اٹھائیں، اعتراض سے لوگوں کا عدلیہ پر اعتماد بھی مجروح ہوگا، یہ محض افواہوں کا دروازہ کھولنے کی بات ہے، کسی جج نے 2025 میں چیف جسٹس بننا ہے، کیا آپ چاہتے ہیں وہ مقدمہ سننے سے انکار کردیں۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے وکیل کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے موجود ہیں کسی جج کو مقدمہ چھوڑنے پرمجبور نہیں کیا جا سکتا، منیر اے ملک صاحب آپ کارروائی کو آگے بڑھائیں۔

کیس کی سماعت میں آدھے گھنٹے کے لیے وقفہ ہوا جس کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو بینچ ٹوٹ گیا اور نئے بینچ کی تشکیل کے لئے کیس چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو بھجوا دیاگیا۔

جسٹس سردار طارق اور جسٹس اعجاز الاحسن نے سماعت سے معذرت کرلی۔ جسٹس عمر عطاء نے کہا کہ بینچ کے چند ججز محسوس کر رہے ہیں انہیں بینچ میں نہیں بیٹھنا چاہیے۔

جسٹس سردار طارق نے کہا کہ اعتراضات کے باعث بینچ سے نہیں اٹھ رہا بلکہ صبح سے ہی سماعت سے انکار کا ذہن میں تھا، درخواست مسترد ہوجاتی ہے تب بھی ہمارے لئے کچھ نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |