بلدیاتی الیکشن رواں برس ممکن نہیں الیکشن کمیشن

سپریم کورٹ کی جانب سے احکام کے باوجود صوبائی حکومتوں نے اس معاملے پر توجہ نہیں دی ،الیکشن کمیشن


Numainda Express October 01, 2013
حلقہ بندیاں اور قواعد سازی کا کام ابھی تک مکمل نہیں ہوا، عدالت کو جلد آگاہ کردیا جائے گا، ذرائع۔فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے صوبوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے حوالے سے مسلسل تاخیری حربے اختیار کرنے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ ضروری انتظامات نہ ہونے کے سبب رواں سال بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں، سپریم کورٹ کے احکام کے باوجود صوبائی حکومتوں نے اس معاملے پر توجہ نہیں دی بلکہ سیاسی جماعتوں اور صوبائی حکومتوں میں بلیم گیم کا سلسلہ بھی جاری ہے، صوبوں کی جانب سے قانون سازی کے علاوہ حلقہ بندیاں اور پھر قواعد سازی کا کام ہونا ابھی باقی ہے، یہ اقدامات مکمل ہونے کے بعد ہی الیکشن کمیشن متعلقہ صوبے میں 90 روز میں بلدیاتی انتخابات کراسکے گا۔



ذرائع نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ کو ایک سے 2 روز میں تحریری طور پر موجودہ صورتحال سے آگاہ کردیا جائیگا۔ دریں اثنا آن لائن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس 3اکتوبر کو طلب کرلیا گیا جس میں چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز، سیکریٹری داخلہ، صوبائی سیکریٹریز لوکل گورنمنٹ اور چیئرمین نادرا شرکت کرینگے، اجلاس میں چاروں صوبوں میں یکساں بلدیاتی قوانین کی تیاری کا بھی جائزہ لیا جائیگا، الیکشن کمیشن نے کہاکہ اس حوالے سے ملک گیر آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں