بینظیر قتل کیس مقدمے کی کارروائی ازسرنو شروع نہ کرنے سے متعلق پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد

از سرنو کارروائی کرنے سے فیصلے میں تاخیر ہوگی، لطیف کھوسہ کے کیس کی سماعت کے دوران دلائل


ویب ڈیسک October 01, 2013
آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت سابق صدر پرویز مشرف کا ٹرائل نہیں ہوسکتا، سماعت کے دوران دائر کی گئی دوسری درخواست کا متن۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کی کارروائی ازسرنو شروع نہ کرنے سے متعلق پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کردی ہے۔


کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جسٹس حبیب الرحمان نے کی، دوران سماعت پیپلز پارٹی کے لطیف کھوسہ نے مقدمے کی کارروائی ازسرنو شروع نہ کرنے سے متعلق دائر کی گئی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ از سرنو کارروائی کرنے سے فیصلے میں تاخیر ہوگی، کیس میں اب تک 24 گواہان کے بیانات قلمبند کئے جاچکے ہیں اور عدالت کو انہی پر اکتفا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو برطانوی ضابطے کا تابع نہیں ہونا چاہئے، جب وہ اٹارنی جنرل تھے تو مالاکنڈ میں ایک میٹنگ میں لوگوں نے طالبان کے نظام کو بہتر قرار دیا کیونکہ طالبان 3 روز میں کیس کا فیصلہ سنا دیتے تھے جبکہ ہماری عدالتوں میں 20 سال گزرجانے کے باوجود بھی فیصلے نہیں ہوتے جس کے باعث لوگ متنفر ہو رہے ہیں، ہمیں عدالتی نظام کو بدلنا ہو گا۔


سماعت کے دوران انوار الحق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی بھی سماعت کی گئی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت سابق صدر پرویز مشرف کا ٹرائل نہیں ہوسکتا، لطیف کھوسہ نے اس مؤقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلوں کو مدنظر رکھنا چاہئے جن کے تحت بگٹی قتل کیس اور ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف کا ٹرائل ہو رہا ہے۔


اسی حوالے سے ایڈووکیٹ اختر شاہ کی جانب سے بھی متفرق درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ آئین کے مطابق ایوان صدر کو استثنیٰ حاصل ہوتا ہے اس لیے بینظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو براہ راست ملوث نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر نے کہا کہ اختر شاہ ایسی درخواست دینے کے مجاز نہیں جس پر عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کس فریق کی جانب سے پیش ہوئے ہیں، اس پر اختر شاہ نے کہا کہ ان کا کسی فریق سے تعلق نہیں اور وہ صرف عدالت کی معاونت اور رہنمائی کے لئے آئے ہیں، اس پر عدالت نے کہا کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بحث کی جائے۔ عدالت نے پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اختر شاہ کی درخواست پر کیس کی سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں