فیصل آباد:
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملٹری اکیدمی کاکول میں راکٹ حملے اور بینک ڈکیتی میں ملوث دہشت گردوں کے گروہ کے 2 کارکنان کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی ہزارہ اختر حیات کے مطابق گرفتار کئے گئے دہشت گرد فاروق اور اشرف کا تعلق امارات اسلامی نامی تنظیم سے ہے اور انہیں گزشتہ رات آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے مارٹر گولے، 3 راکٹ لانچرز، 3 خودکش جیکٹیں، ڈیٹو نیٹر، ہینڈ گرنیڈ، گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹیں اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
اختر حیات کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے گروہ کے 6 ارکان نے مانسہرہ میں 97 لاکھ روپے کی بینک ڈکیتی بھی کی جبکہ ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 27 جنوری کو دہشت گردوں کی جانب سے ملٹری اکیڈمی کاکول پر 9 راکٹ فائر کئے گئے تھے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔