پاکستان کے مایا ناز اسپن بالر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتا ہے لیکن ٹیم کو کامیابی دلوانے کےلئے اہم کردار ادا کرتا رہا ہوں۔ اگلے ٹورنامنٹ میں مین آف دی سیریز آنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بری پرفارمنس کے سوال پر سعید اجمل کا کہنا تھا کہ میرا ماضی کا ریکارڈ نکال کر دیکھا جائے۔ 19 ون ڈے میچز میں 37 وکٹیں جب کہ 5 ٹیسٹ میچز کے دوران 25 وکٹیں حاصل کیں ہیں، یہ کوئی بری پرفارمنس نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے زیادہ وکٹیں حاصل نہیں کرسکا لیکن ٹیم کو جتوانے کے لئے اہم کردار ادا کرتا رہا ہوں۔
سعید اجمل نے کہا کہ ایک میچ میں ناقص کارکردگی کامطلب یہ نہیں کہ ٹیم خراب ہے، پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہے لیکن اتنی بری بھی نہیں۔ ہماری بولنگ اچھی ہے جنوبی افریقہ سے اچھا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے ساتھ سیریز مشکل ہے لیکن ہم بھرپور تیاری کے ساتھ کےساتھ دورے پر جارہے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلیں گے اور حریف کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔