آئی سی سی ایوارڈز سعید اجمل آفریدی اورجنید کا نام خارج

محمد حفیظ اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیلیے جگہ بچانے میں کامیاب، امپائر علیم ڈار چوتھی بار قسمت آزمائیں گے


Sports Desk August 31, 2012
امپائر آف دی ایئر کے ایوارڈ کیلیے پاکستان کے علیم ڈار مسلسل چوتھی بار اعزاز پانے کیلیے قسمت آزمائیں گے۔ (فوٹو : اے ایف پی )

آئی سی سی ایواڈرز کیلیے سعید اجمل کی تینوں کیٹیگریز سے چھٹی ہوگئی، شاہد خان آفریدی ون ڈے پلیئر آف دی ایئر اور جنید خان ایمرجنگ کھلاڑیوں کی فہرست سے غائب ہوگئے، محمد حفیظ اسپرٹ آف کرکٹ ایواڈز کیلیے جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، علیم ڈار مسلسل چوتھی مرتبہ امپائر آف دی ایئر کیلیے قسمت آزمائی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سالانہ ایوارڈز کیلیے نامزد کھلاڑیوں کی شارٹ لسٹ جاری کردی ہیں، ان کھلاڑیوں کا انتخاب 32 رکنی انتخابی اکیڈمی کے ووٹوں پر کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں اولین فہرست میں تین کیٹیگریز کیلیے منتخب ہونے والے پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل ایک ایوارڈ کیلیے بھی شارٹ لسٹ نہیں ہو پائے، ان کو ابتدا میں کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کیلیے نامزد کیا گیا تھا،

ان کے ساتھ شاہد آفریدی کا نام ون ڈے پلیئر آف دی ایئر اور جنید خان کا نام ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر کی لسٹ سے خارج کردیا گیا ہے البتہ ٹوئنٹی 20 کپتان محمد حفیظ کرکٹ اسپرٹ ایوارڈ کیلیے جگہ بچانے میں کامیاب رہے ہیں، کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کیلیے جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا اور ورنون فلینڈر جبکہ آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک اور سری لنکن بیٹسمین کمارسنگاکارا کو نامزد کیا گیا ہے، سنگاکارا اس بار چار ایوارڈز کیلیے نامزد کیے گئے ہیں، ان کا نام ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر اور پیپلز چوائس ایوارڈ کیلیے نامزد کھلاڑیوں میں شامل ہیں، ان کے علاوہ ایک روزہ بہترین کھلاڑیوں کی شارٹ لسٹ میں بھارتی کپتان دھونی، ویرت کوہلی اور لسیتھ مالنگا شامل ہیں۔ ایمرجنگ کھلاڑیوں میں ڈگ بریسویل (نیوزی لینڈ)، دنیش چندیمل (سری لنکا)، سنیل نارائن (ویسٹ انڈیز) اور جیمز پیٹنسن (آسٹریلیا) شامل ہیں۔

اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیلیے محمد حفیظ کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے جیک کیلس، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری اورجنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز سے ہوگا۔ ٹوئنٹی 20 پرفارمنس آف دی ایئر کیلیے محمد حفیظ شارٹ لسٹ نہیں ہو پائے ہیں تاہم تلکارتنے دلشان، کرس گیل ، رچرڈ لیوی اور اجنتھا مینڈس میں ایوارڈ کیلیے مقابلہ ہوگا۔ٹوئنٹی 20 ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کیلیے آسٹریلیا کی الیسا ہیلی اور لیزا استھیلکر کے ہمراہ انگلینڈ کی سارا ٹیلر اور ویسٹ انڈیز کی اسٹفنی ٹیلر جبکہ ون ڈے ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کیلیے انگلینڈ کی لیڈیا گرین وے اور سارا ٹیلر کے ساتھ ویسٹ انڈین جوڑی انیسہ محمد اور اسٹیفنی ٹیلر کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ امپائر آف دی ایئر کے ایوارڈ کیلیے پاکستان کے علیم ڈار مسلسل چوتھی بار اعزاز پانے کیلیے قسمت آزمائیں گے ان کے ساتھ پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے سائمن ٹفل، بلی بائوڈن، کمار دھرما سینا، رچرڈ کیٹل برو اور روڈنی ٹکر موجود ہیں۔ ایوارڈز تقریب 15 ستمبر کو کولمبو میں منعقد ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں