پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بہتربنائیں گے پال جونز

85 ہزار پولیس افسران کو پانچ ماڈیولز کے تحت جدیدتربیت دی جا چکی،امریکی سفیر


Staff Reporter September 19, 2019
امریکی سفیر کاآئی جی کلیم امام کے ہمراہ سعیدآباد پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ ۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں امریکا کے سفیر پال جونز نے کہا ہے کہ سندھ پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے امریکی حکومت معاونت جاری رکھے گی۔

آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کے ہمراہ سعیدآباد پولیس ٹریننگ کالج کے دورے کے موقع پر پال جونز نے کہا کہ امن و امان قائم کرنے میں سندھ پولیس کا اہم کردار ہے، یہ دورہ امریکی حکومت کی جانب سے کی جانے والی ان کاوشوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے تحت پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلیے مختلف پروگرام ترتیب دیے جاچکے ہیں۔

اسی سلسلے میں امریکی سفیر نے نئے مرتب شدہ نصاب کے تحت ہونے والی تربیت کا مشاہدہ کیا، ہتھیاروں کے سیمولیٹرز کی مشق دیکھی اور خواتین پولیس افسران کیلیے بیرک بنانے کیلیے منتخب جگہ کا دورہ کیا۔

مجموعی طور پر یہ پروگرام امریکی حکومت کی 856 ملین روپے کی فنڈنگ سے ممکن ہوسکا ہے، اس موقع پر پال جونز نے کہا سندھ پولیس اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ اس کا کام صرف جرائم اور دہشت گردی سے نمٹنا نہیں بلکہ شہریوں کی مدد کرنا اور شہریوں کے لیے سازگار ماحول مہیا کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو فخر ہے کہ وہ سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر کرنے میں معاونت کررہی ہے ، سندھ پولیس اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو کی شراکت داری سے 2011 میں نصاب تیار کرنے کا پروگرام شروع کیا گیا۔

اس پروگرام کا مقصد سندھ کے 25 سالہ پرانے تربیتی نصاب میں جدت لانا ہے جس میں تربیتی نصاب ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ ماسٹر ٹرینر تیار کرنا اور سندھ پولیس کے سارے تربیتی اداروں میں نئے ماڈیول متعارف کرنا شامل ہے۔

اس پروگرام کے تحت اب تک 85 ہزار سے زائد پولیس افسران کو تیارشدہ پانچ ماڈیولز کے مطابق تربیت دی جا چکی ہے ، سال 2018 میں سندھ پولیس کے تربیتی مراکز کو بہتر بنانے کیلیے ہتھیاروں کے 30 سمیولیٹرز کاعطیہ دیا تھا تاکہ محفوظ طریقے سے تربیت دی جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں