ایم کیوایم کو نعمت رندھاوا ایڈوکیٹ کے قتل میں ملوث کرنا سازش ہے رابطہ کمیٹی

ایڈیشنل آئی کا بیان درست نہیں، کاظم عباس رضوی کو27ستمبر کوان کے گھر سے گرفتار کیا گیا، رابطہ کمیٹی

ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتاریوں کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹی فی الفورتشکیل دی جائے. فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی پولیس کے سربراہ شاہدحیات کی جانب سے نعمت رندھاواایڈوکیٹ کے قتل میں ایم کیوایم کو ملوث کرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم کونعمت رندھاواایڈوکیٹ کے قتل میں ملوث کرناایم کیوایم کے خلاف سازشوں کاحصہ ہے۔



ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایڈیشنل آئی جی شاہدحیات کا دعوی ہے کہ کاظم عباس رضوی کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا لیکن حقیقت میں کاظم عباس رضوی کو27ستمبر کوان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے گواہ اہل محلہ ہیں اور وہ گزشتہ 5 روزسے پولیس کی حراست میں ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ الزام ثابت ہوئے بغیرمحض الزام کی بنیادپرکسی کومجرم قراردیاجائے اور بغیر کسی ثبوت وشواہد کے محب وطن عوام کی نمائندہ جماعت کا میڈیا ٹرائل کیاجا ئے ۔


رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم نے کراچی میں قیام امن کیلئے کی جانے والی ہرکوشش کی ماضی میں بھی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی لیکن کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ہونے والی گرفتاریوں کی مانیٹرنگ کیلئے اعلان کردہ غیرجانبدارافرادپرمشتمل مانیٹرنگ کمیٹی فی الفورتشکیل دی جائے تاکہ کسی بھی بے گناہ کونشانہ بنانے کے عمل کا تدارک ہوسکے۔
Load Next Story