میئر کراچی کی دبئی میں پرویز مشرف اور عشرت العباد سے ملاقاتیں

کراچی کو کوئی اون کرنے والا نہیں شہر کو تباہ کردیا ہے، میئر کراچی وسیم اختر

میں نے اپنے دور میں جو اختیارات اور فنڈز مئیر کودئیے ویسے ہی حکومتوں کو دینا ہوں گے ، پرویز مشرف فوٹو فائل

میئرکراچی وسیم اختر نے دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف اور سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقاتیں کی ہیں جس کے دوران کراچی کی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان کراچی کے مسائل کے بارے میں گفتگو ہوئی۔ وسیم اختر نے کراچی سمیت پورے صوبے کے حالات اور صورتحال سے پرویز مشرف کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کراچی کو تباہ کردیا گیا ہے، کراچی کو کوئی اپنی ذمہ داری سمجھنے والا نہیں، شہر کو لاوارث کر دیا گیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف نے کراچی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا میرے دور میں جو محکمے بلدیہ کے پاس تھے وہ واپس کیے جائیں، میں نے اپنے دور میں جو اختیارات اور فنڈز میئر کودئیے ویسے ہی حکومتوں کو دینا ہوں گے، کراچی کو بہتر بنانے کے لیے میئر کو اختیارات دینا ہوں گے۔


دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے دبئی میں سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے بھی اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وسیم اختر نے کہا بلدیاتی اختیارات کی فراہمی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، عارضی حل کے بجائے مستقل بنیادوں پر حل تلاش کرنا ہوگا ، مسائل حل کرنا ہوں گے تو سیاسی تلخی، الزامات اور گریبان چاک کرنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی۔

عشرت العباد خان نے مسائل کے حل کے لیے میئر کراچی کو اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی اور حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا وفاق کراچی کے منصوبوں کی جلد تکمیل اور فنڈز کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرے، کراچی کے اسٹیک ہولڈر بھی میئر کراچی کے ساتھ تعاون میں اپنا کردار ادا کریں۔

عشرت العباد نے وسیم اختر کو بھی مشورہ دیتے ہوئے کہا میئر کراچی صوبائی حکومت اور وفاق کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بڑھائیں۔ سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ ناصر حسین شاہ سے بھی رابطہ کرکے ساتھ بیٹھنے اور کام کرنے کے لیے بات کریں گے۔
Load Next Story