بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کا مطالبہ

سپریم کورٹ نوٹس لے، ثروت اعجاز، اورنگزیب فاروقی، عثمان معظم،مفتی نعیم،علامہ اظہر حسین، اقبال قادری و دیگر کی مذمت

اضافہ واپس نہ لیا گیا تو تاجروں،ٹرانسپورٹرز ،سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے،سیاسی ومذہبی رہنما۔ فوٹو: فائل

سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کرکے عوام پر بجلی گرادی دوسری طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مظلوم غریب عوام پر مہنگائی کا ڈرون حملہ کیا ہے،پاکستان سنی تحریک بجلی،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے، بجلی،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو تاجروں،ٹرانسپورٹرز ،سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے، اہلسنّت و الجماعت پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ مہنگائی سے تنگ غریب عوام پرپٹرول اور بجلی کی قیمتوں میںمزید اضافہ بدترین ظلم کے مترادف ہے۔




ن لیگ اپنے انتخابی وعدوں سے انحراف کر رہی ہے، پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں بیک وقت اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازحکومت نے بجلی وپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی پیٹھ میں مہنگائی کا چھرا گھونپا ہے،آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما علامہ اظہرحسین نقوی، سہیل مرزا، سیدعلی اوسط، صغیرعابد رضوی و دیگر نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ نئی حکومت نے پچھلے تین ماہ میں عوام کو صرف مہنگائی کا تحفہ دیا ہے۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کوظلم قرار دیااورکہاکہ عوام پہلے ہی طرح طرح کے مسائل کاشکارہیں، انھوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ قیمتوںمیںاضافے کافوری نوٹس لیاجائے، جمعیت علما پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے بجلی،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کومسترد کرتے ہوئے اسے غریب عوام کا خون چوسنے کے مترادف قرار دیا ہے،پاکستان عوامی تحریک کراچی کے ڈپٹی آرگنائزرقیصراقبال قادری نے کہا ہے کہ بجلی اور پٹرولیم کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے غریب سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو عوام مسترد کرتے ہیں حکومت فوری طور پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ واپس لے اور قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے۔
Load Next Story