میئر کراچی ڈی ایم سیز کا پانچ سالہ آڈٹ کرائیں علی زیدی

تمام ملازمین کی بایو میٹرک ویری فکیشن کرائیں وفاقی حکومت نادرا کے ذریعے معاونت کرے گی، وفاقی وزیر


Staff Reporter September 19, 2019
تمام ملازمین کی بایو میٹرک ویری فکیشن کرائیں وفاقی حکومت نادرا کے ذریعے معاونت کرے گی، وفاقی وزیر (فوٹو: فائل)

وفاقی وزیر علی زیدی نے میئر کراچی کو مشورہ دیا ہے کہ ڈی ایم سیز کا پانچ سال کا آڈٹ کرائیں اور تمام ملازمین کی بایو میٹرک تصدیق کرائیں تاکہ معلوم ہو جو تنخواہ لے رہے ہیں وہ موجود ہیں بھی یا نہیں، وفاقی حکومت نادرا کے ذریعے معاونت کرے گی، اگر میئر نے یہ کام کرلیا تو آئندہ بھی میئر منتخب ہوجائیں گے۔

کراچی میں منعقدہ لاجسٹک کانفرنس کے دوران کراچی کی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بار بار صوبائی وزیر ناصر شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ علی زیدی نے کہا کہ ناصر شاہ نے تسلیم کیا کہ کراچی میں کچرا پھیلا ہوا ہے کراچی کے بعد سندھ حکومت سندھ کے دیگر شہروں کو بھی صاف کرے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ناصر شاہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ جن 11 جی ٹی ایس کی نشاندہی کے خط پر ان سے دستخط لیا گیا وہ غلط تھا، حقیقت میں پانچ جی ٹی ایس تھیں اب شہر بھر کا کچرا پورٹ میں گر رہا ہے کراچی پورٹ بھی ایک جی ٹی ایس بن چکا ہے، سندھ حکومت کا شکریہ انہوں نے تسلیم کرلیا کہ کچرا ہے، سندھ حکومت کے پاس وسائل ہیں گاڑیاں اور مشینیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ کی زیادہ تر اراضی پر قبضہ ہے اس کی الگ جنگ لڑنی ہے، شہر بندرگاہوں کو نہیں بندرگاہ شہر کو چلاتی ہے، پورٹ کی صورتحال کچرے کی وجہ سے خراب ہے، غیرملکی جہاز نشاندہی کرتے ہیں کچرا پھیلا ہوا ہے صبح کیماڑی پر کچرے میں دنیا کی ہر چیز ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کچرا صاف کرنا میرا کام نہیں تاہم مجبوری میں کیا، کچرا میں نے نہیں ایف ڈبلیو او نے اٹھایا، کسی کا مشکور ہوں تو وہ ایف ڈبلیو او ہے جس نے 6 دن میں نالے صاف کردیے جس کی وجہ سے 55 ملی لیٹر بارش میں زیر آب آنے والی آبادیاں 175 ملی میٹر بارش کے باوجود نہیں ڈوبیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں