کیرتھر نیشنل پارک سے 7 شکاری گرفتار بکروں کا گوشت ضبط

شکاری غیرقانونی طور پر پارک کے عملے کو جل دے کر اندرگھس گئے تھے، 6بندوقیں قبضے میں لے لیں

 پہاڑی بکرے کو مارنے پر 3لاکھ روپے، مجموعی طورپر15لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیا ہے،جاوید مہر۔ فوٹو: ایکسپریس

محکمہ تحفظ جنگلی حیات سندھ کے عملے نے کیرتھرنیشنل پارک میں شکار کیے جانے والے جنگلی بکروں کا گوشت قبضے میں لے لیااور 7شکاری اسلحے سمیت گرفتار کرلیے۔

کنزرویٹرمحکمہ تحفظ جنگلی حیات جاوید مہر کے مطابق کیرتھر نیشنل پارک میں کارروائی کے دوران شکار کیے جانیوالے5 آئی بیکس (پہاڑی بکروں)کا گوشت قبضے میں لیا گیاہے ان کا کہناتھا کہ شکاریوں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاکرکیرتھر نیشنل پارک میں عملے کو جل دے کر گھس گئے اورگھات لگا کر پارک میںموجود روایتی پہاڑی بکروں کا شکار کیا۔

جاوید مہر کے مطابق اطلاع ملنے کے بعد محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی ٹیموں نے شکاریوں کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران 7شکاریوں کی گرفتاری عمل میں آئی اوران کی 6بندوقیں قبضے میں لی گئیں۔

جاوید مہر کے مطابق آئی بیکس (پہاڑی بکروں)کے شکار پر پابندی ہے،تاہم شکاریوں قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم جنگلی حیات کو نشانہ بنایا، گرفتارشکاری مقامی باشندے ہیں جو غیر قانونی طورپر پارک میں داخل ہوگئے تھے۔




ان کا کہناہے کہ گرفتار ملزمان پر اسلحے کی مد میں 13ڈی،کارسرکار میں مداخلت جبکہ تحفظ جنگلی حیات کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

جاوید مہر کا مزید کہناہے کہ فی آئی بیکس پہاڑی بکرے کو مارنے پر 3لاکھ روپے جبکہ مجموعی طورپر15لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیا ہے،جاوید مہر کے مطابق جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار پر ملزمان کو 6 ماہ کی سزائیں ہوسکتی ہیں۔

سندھ وائلڈ لائف کی جانب سے عمرکوٹ میں ایک دوسری کارروائی کے دوران 2ہرن قبضے میں لیے گئے جبکہ کارروائی میں دوشکاریوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
Load Next Story