لاہورمدرسے کی چھت گرنے سے ایک طالبہ جاں بحقتین زخمی

2 طالبات کی حالت تشویشناک ہے انہیں سر میں گہری چوٹیں آئی ہیں،ڈاکٹرز

کرین کے چلنے سے عمارت کے ایک حصے کی بنیادیں کمزور ہوگئیں جس کی وجہ سے چھت نیچے آگری۔فوٹو:ایکسپریس نیوز

والٹن روڈ پر مدرسے کی چھت گر گئی ملبے تلے دب کر ایک طالبہ جاں بحق اورتین زخمی ہوگئیں ۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں والٹن روڈ پر واقعہ ایک زیر تعمیر مدرسے کی چھت کا ایک حصہ گر گیا جس کے ملبے تلے دب کر ایک طالبہ جاں بحق اور تین زخمی ہوگئیں۔جامعۃ الخدیجہ نامی اس مدرسے کی چھت کا حصہ زورداردھماکے سے اس وقت گرا جب رات تقریباً ساڑھے تین بجے طالبات مدرسے میں سورہی تھیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کے ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق عمارت میں مجموعی طور پر 30 طالبات موجود تھیں ،چھت گرنے سے 26 طالبات بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئیں جبکہ 4 ملبے تلے دب گئیں جنہیں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے باہر نکالا ،طالبات کو ایمبولینس کے ذریعے مقامی اسپتال منتقل گیا جہاں ایک طالبہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی ۔تاہم واقعہ میں مزید تین طالبات زخمی ہیں جن میں سے ایک کو معمولی زخم آئے ہیں ۔ جبکہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 2 طالبات کی حالت تشویشناک ہے انہیں سر میں گہری چوٹیں آئی ہیں ان طالبات کو لاہور جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔واقعہ میں زخمی و جاں بحق ہونے والی طالبات کی عمریں پانچ سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت میں تعمیراتی کام جاری تھا اور کرین کے چلنے سے عمارت کے ایک حصے کی بنیادیں کمزور ہوگئیں جس کی وجہ سے چھت نیچے آگری۔
Load Next Story