چیئرمین نیب تقرری وزیراعظم اور خورشید شاہ کے درمیان تیسری ملاقات بھی بے نتیجہ ختم

پیپلز پارٹی نے حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کی اگر ہماری ڈیل ہوتی تو چیئرمین نیب کا تقرر کب کا ہوچکا ہوتا، خورشید شاہ


ویب ڈیسک October 02, 2013
چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان اس سے قبل بھی دو مرتبہ ملاقاتیں ہوچکی ہیں فوٹو: آئی این پی/فائل

چیئرمین نیب کی تقرری کے سلسلے میں وزیر اعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان ہونے والی تیسرے باضابطہ ملاقات بھی کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئی ہے تاہم اب اس عہدے کے لئے مزید دو نام سامنے آگئے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ دونوں سیاسی رہنما چیئرمین نیب کے عہدے پر موزوں شخص کی تقرری کے لئے انتہائی سنجیدہ ہیں،اس سلسلے میں پیپلز پارٹی نے حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کی اگر ہماری ڈیل ہوتی تو چیئرمین نیب کا تقرر کب کا ہوچکا ہوتا، انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران جسٹس ریٹائرڈ میاں اجمل اور جسٹس ریٹائرڈ اعجاز چوہدری کے علاوہ مزید دو ناموں چوہدری رؤف اور سابق وفاقی سیکریٹری شوکت درانی پر بھی غور کیا گیا، انہیں امید ہے کہ کل ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنما کسی نہ کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران چیف الیکشن کمشنر کے لئے کسی بھی نام پر بات نہیں کی گئی تاہم اس موقع پر انہوں نے عوامی نمائندے کی حیثیت سے بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، روپے کی گرتی قدر اور مہنگائی پر وزیر اعظم کو اپنی تشویش سے آگاہ کیاہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب کی جلد از جلد تقرری کے لئے سپریم کورٹ کی جانب سے بھی ہدایت بھی کی جاچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں