چڑیا گھر میں ملک کا سب سے بڑا مچھلی گھر بنانے کا کام شروع

 2150 اسکوائر فٹ پر بنائے جانیوالے مچھلی گھر میں 8 فٹ لمبے شیشے کے باکس رکھے جائیں گے۔


Staff Reporter September 21, 2019
چڑیا گھر میں نباتیاتی باغ بھی ہے، نیا ایکوریم اگلے سال کھول دیاجائیگا، ڈاکٹرسیف الرحمن فوٹو: ایکسپریس

کراچی چڑیا گھر میں بنائے جانے والے نئے مچھلی گھر ( ایکوریم) کا تعمیراتی کام رواں مالی سال میں مکمل کرلیا جائے گا جب کہ 2150 اسکوائر فٹ رقبہ پر بنایا جانے والا یہ مچھلی گھر بحری حیات سے متعلق ہے۔

پاکستان کے کسی بھی چڑیاگھرمیں بحری حیات سے متعلق اتنا بڑا مچھلی گھر موجود نہیں ہے، مچھلی گھر میں مجموعی طورپر8 فٹ لمبے اور 6 فٹ چوڑے 8 شیشے کے باکس (Glass Tank) بنائے گئے ہیں، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت بنائے جانے والے اس ایکوریم کو تین فیز میں مکمل کیا جارہا ہے، پہلے فیز میں عمارت کی تعمیرمکمل کرلی گئی ہے۔

دوسرے فیز میں گلاس ٹینک اور دیگر کام کیے جا رہے ہیں جبکہ تیسرے فیز میں بجلی سے متعلق کاموں، مشینوں کی تنصیب، واٹر پمپس اور اسی طرح کے دیگر امور مکمل کیے جائیں گے۔

میئر کراچی وسیم اختر اور میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسیف الرحمن کے دورے کے بعد ایکوریم کے تعمیراتی کاموں میں تیزی آئی ہے ، توقع ہے کہ آئندہ مالی سال میں نیا مچھلی گھر عوام کے لیے کھول دیا جائیگا۔

میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے جمعہ کی صبح کراچی چڑیاگھر کا تفصیلی دورہ کیا اور مچھلی گھر کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انھوں نے ہونے والے تمام کاموں میں معیار کو فوقیت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی چڑیا گھر صرف ایک چڑیا گھر ہی نہیں بلکہ درختوں کا یہ ایک بہت بڑا باغ ہے جہاں مختلف اقسام کے ہزاروں پودے اور انتہائی قدیم درخت بھی موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی چڑیا گھر صرف جانوروں کے لیے ہی مخصوص نہیں بلکہ یہ ایک نباتیاتی گارڈن بھی ہے جہاں تعمیر ہونے والا مچھلی گھر نیا اضافہ ہوگا جبکہ یہ پاکستان کا بھی پہلا بحری حیات سے متعلق ایکوریم ہوگا جسے ہم کراچی اوشیئن یا میٹروپولیٹن اوشیئن ایکوریم کے نام سے تفویض کریں گے جس میں خاص اقسام کی سمندری بڑی مچھلیاں رکھی جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں