سندھ حکومت مہاجروں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا آغاز کرچکی ہے الطاف حسین

ایم کیوایم پر جھوٹے الزامات لگائے جارہے جبکہ متحدہ کے دفتر سے بھارتی اسلحہ کی برآمدگی کا الزام قابل مذمت ہے،الطاف حسین


ویب ڈیسک October 02, 2013
مہاجرعوام اگر مجھے دل سے قائد مانتے ہیں تو آج ہی سے ذہنی وجسمانی طور پر انتہائی کڑے وقت کیلئے خود کو تیار رکھیں، الطاف حسین فوٹو؛ فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور انتظامیہ مہاجروں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا آغاز کرچکی ہے، عوام کڑے وقت کےلئے خود کو تیار رکھیں۔

لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ جناح پور سے مہاجر ری پبلکن آرمی تک اور مہاجرری پبلکن آرمی سے ایک مرتبہ پھر مہاجروں کو بھارتی ایجنٹ ثابت کرنے کے لئے ایم کیوایم کے دفتر سے بھارتی ساختہ اسلحے کی برآمدگی کا الزام قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجود دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے، اس قسم کے من گھڑت اور جھوٹے الزامات کے پس پردہ مقاصد کی حقیقت سے بچہ بچہ بخوبی واقف ہے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے خلاف لگائے گئے الزامات اور ان کے تحت کی جانے والی کارروائیوں سے ظاہر ہوگیا ہے کہ سندھ حکومت اور انتظامیہ مہاجروں کے جسمانی خاتمے کا آغاز کرچکی ہے۔ اس لئے تمام قومیتیں خصوصی طور پر مہاجر اگر انہیں دل سے اپنا قائد مانتے ہیں تو آج سے ذہنی وجسمانی طور پر انتہائی کڑے وقت کیلئے خود کو تیاررکھیں۔

واضح رہے کہ رینجرز کی جانب سے گزشتہ روز لانڈھی میں ایم کیو ایم کے دفتر پر چھاپہ کے دوران بھارتی اسلحہ کی برآمدگی کا دعویٰ کیا گیا تھا جب کہ متحدہ قومی موومنٹ نے اسے مسترد کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے خلاف سازش قرار دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں