سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کی قیادت سرفراز احمد کریں گے


Sports Reporter/ September 21, 2019
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی جائے گی۔ فوٹو: فائل

آئی لینڈرز کا شکار کرنے کیلیے پاکستان نے ترکش میں تیر سجالیے، ون ڈے سیریز کیلیے 16رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

عابد علی،محمد رضوان، افتخار احمد اور محمد نواز کی واپسی ہوگئی،کمر کی تکلیف کے شکار حسن علی کا خلا عثمان شنواری پُر کریں گے، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان ایک روزہ میچز کے دوران کیا جائے گا، ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کم بیک کرنے والے کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا، عابد علی نے فٹنس پر بھی خاصی محنت کی ہے، محمد رضوان نمبر 4بیٹسمین کے ساتھ بطور ریزرو وکٹ کیپر دستیاب ہوں گے، افتخار احمد نے ڈومیسٹک کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں کارکردگی دکھائی،وہ آف اسپنرکے طور پر سری لنکن لیفٹ ہینڈر بیٹسمینوں کیخلاف موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔

محمد نواز نمبر7 پر بیٹنگ میں بھی ٹیم کے کام آئیں گے، محمد حسنین کو ون ڈے کرکٹ میں 10اوورزکرنے کیلیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا سے ون ڈے سیریز کیلیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، ورلڈکپ سے قبل ڈراپ کیے جانے والے عابد علی کی واپسی ہوگئی۔

آسٹریلیا سے یواے ای میں منعقدہ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان کا بھی کم بیک ہوا، کئی برس بعد افتخار احمد کو بھی شامل کرلیا گیا،آل راؤنڈر محمد نواز کی واپسی ہوئی، کمر کی تکلیف میں مبتلا فاسٹ بولر حسن علی کا خلا پُر کرنے کیلیے عثمان شنواری کو موقع دیا گیا ہے، پیسر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں بحالی فٹنس پروگرام جاری رکھیں گے، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان ون ڈے سیریز کے دوران کیا جائے گا۔

اس دوران ممکنہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑی اکیڈمی کوچز کی زیر نگرانی این سی اے میں ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ 16 رکنی اسکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان) ، بابراعظم (نائب کپتان) ، فخرزمان، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل،آصف علی، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم،شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، وہاب ریاض، عثمان شنواری اور محمد حسنین شامل ہیں۔

دریں اثنا مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے تمام اراکین سے طویل مشاورت کے بعد بہترین ون ڈے اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے، رواں سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم کو یہ 3 ایک روزہ میچز ہی کھیلنا ہیں، انھوں نے کہا کہ اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران مجھے اندازہ ہواکہ کوئی میچ آسان ہوتا ہے اور نہ حریف، سیزن کے آغاز میں جیت ہمیشہ بہت اہم ہوتی ہے، سیریز میں بہترین کارکردگی سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم میں کم بیک کرنے والے کھلاڑیوں کا انتخاب صلاحیتوں کی بنیاد پرکیاگیا، عابد علی ورلڈکپ نہیں کھیل پائے لیکن انھوں نے کیریئر کا اچھا آغاز کیا تھا، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی وہ عمدہ پرفارم کررہے ہیں۔

اوپنر نے فٹنس پر بھی خاصی محنت کی، محمد رضوان نمبر 4بیٹسمین کے ساتھ بطور ریزرو وکٹ کیپر بھی دستیاب ہوں گے،اسی طرح افتخار احمد نے ڈومیسٹک کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں کارکردگی دکھائی، لسٹ اے میچز میں 51کی اوسط ہے، وہ بطور آف اسپنر سری لنکن لیفٹ ہینڈر بیٹسمینوں کیخلاف موثر ثابت ہوسکتے ہیں، وہ پختہ کار اور فٹنس بھی بہترین ہے، محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بھی آف اسپنر بولر ہونے کی وجہ سے افتخارکی جگہ نہیں بن پا رہی تھی۔

اب انھیں آزمانے کا اچھا موقع ہے، انھوں نے کہا کہ محمد نواز ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، عماد وسیم کے بعد وہ ایسے آل راؤنڈر ہیں جو نمبر7 پر بیٹنگ میں بھی ٹیم کے کام آسکتے ہیں، عثمان شنواری بدقسمتی سے ورلڈکپ 2019 کیلیے قومی اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے تھے، اب ان کے پاس صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ہے، محمد حسنین پی ایس ایل اور سی پی ایل سمیت ابھی تک ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4اوورز ہی کرتے رہے ہیں،ان کو ون ڈے کرکٹ میں 10اوورزکرنے کیلیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کریں گے، بولنگ کوچ وقار یونس ان پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں